اسدطور پر حملے کے ملزمان کے پکڑے جانے سے اداروں پر الزام تراشی کرنے والوں کا منہ بند ہو جائے گا، پاکستانیوں کو سعودی عرب اور کویت میں روزگار کے بہت مواقع ملیں گے، وزیر داخلہ شیخ رشیداحمد

90

اسلام آباد۔1جون (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ انتخابات میں شفافیت پیدا کرنے کیلئے انتخابی اصلاحات ناگزیر ہیں اور یہ اصلاحات کا بہترین وقت ہے کیونکہ حکومت کے چار سال پورے ہونے کے بعد اگلے انتخابات کیلئے انتخابی مہم شروع ہو جائیں گی، اپوزیشن جماعتوں کو چاہیے کہ وہ اس معاملے پر سیاست کرنے کی بجائے انتخابی اصلاحات اور الیکٹرانک ووٹنگ مشین (ای وی ایم) ٹیکنالوجی کے استعمال کے حوالے حکومت کے ساتھ تعاون کریں۔

منگل کو پی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ن لیگ میں دو بیانیے ہیں، نواز شریف اور مریم نواز ایک طرف جبکہ شہباز شریف اور حمزہ شہباز دوسری طرف ہیں، میں نے ایک سال پہلے کہا تھا کہ ان کی رائے ایک نہیں ہو گی، ن لیگ قائدین کے آپس کے معاملات ٹھیک نہیں ہیں، بے شک یہ میڈیا میں آ کر کہہ دیں کہ ہم ایک ہیں لیکن حقیقت اس کے برعکس ہے۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) تقسیم ہو چکی ہے، دو جماعتیں اس سے الگ ہو چکی ہیں اور پیچھے دو جماعتیں رہ گئی ہیں،

حکومت کو ان کی تحریک سے کوئی فرق نہیں پڑتا، پہلے بھی عوام انہیں مسترد کر چکے ہیں اور آئندہ بھی مسترد کریں گے، اپوزیشن نے 14 اگست کو اسلام آباد میں جلسے کا اعلان کیا ہے، 14 اگست یوم آزادی ہے اور پوری قوم روایتی جوش و جذبے کے ساتھ آزادی کا جشن مناتی ہے اسلئے اپوزیشن کو 14 اگست کو اسلام آباد میں جلسے کی تاریخ پر نظرثانی کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان انتخابی نظام میں شفافیت پر یقین رکھتے ہیں اور اس حوالے سے ان کی بڑی جدوجہد ہے، موجودہ حکومت انتخابی اصلاحات کیلئے سنجیدگی کے ساتھ کوشش کر رہی ہے،

اپوزیشن کو بھی چاہیے کہ وہ اس معاملے پر حکومت کے ساتھ تعاون کریں ورنہ انتخابات میں دھاندلی کا شورشرابا چلتا رہے گا۔ بلاول بھٹو کے خورشید شاہ کی رہائی سے متعلق سوال کے جواب میں خورشید شاہ کی گرفتاری اور رہائی سے حکومت کا کوئی لینا دینا نہیں ہے، خورشید شاہ کو حکومت نے نہیں بلکہ عدالت نے سزا سنائی ہوئی ہے اور وہی ان کی رہائی کے احکامات جاری کر سکتی ہے۔ نواز شریف کی وطن واپسی سے متعلق ایک اور سوال کے جواب میں وزیر داخلہ نے کہا کہ حکومت نواز شریف کو واپس لانے کیلئے کوششیں کر رہی ہے۔