اسلام آباد۔22اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی اور خصوصی اقدامات اسد عمر کی زیر صدارت اسلام آباد میں سی پیک پورٹ فولیو میں شمولیت کے حوالے سے خیبر پختونخوا کے ترجیحی منصوبوں پر وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں وفاقی اور صوبائی اعلی عہدیداروں نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں توانائی ، انفراسٹرکچر ، مواصلات اور زراعت کے شعبوں سے متعلق منصوبوں پر بات چیت کی گئی۔ اسد عمر نے ہدایت کی کہ منصوبوں کی تجاویز پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لئے ان کے دستاویزات کو جلد از جلد مکمل کیا جائے۔ ان منصوبوں پر جے سی سی کے متعلقہ جوائنٹ ورکنگ گروپس میں تبادلہ خیال کریں اور انھیں ترجیح دیں۔ اسد عمر نے کہا کہ وفاقی حکومت صوبائی حکومتوں کے ساتھ سی پیک کے منصوبوں سے متعلق ہر طرح کی مشاورت کرتی رہے گی۔ اسد عمر نے سی پیک کے متعدد منصوبوں پر عملدرامد پر فعال کردار ادا کرنے پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا شکریہ ادا کیا۔