اوٹاوا۔13نومبر (اے پی پی):امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی آبادکاروں کی جانب سے پرتشدد واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیلی آبادکاروں کی جانب سے پرتشدد واقعات کا تازہ ترین سلسلہ وسیع ہو سکتا ہے اور غزہ میں امن کی کوششوں کو نقصان پہنچا سکتا ہے۔ اردو نیوز کے مطابق کینیڈا میں جی سیون ممالک کے وزرائے خارجہ کے اجلاس کے …
اسرائیلی آبادکاروں کی جانب سے پرتشدد واقعات غزہ میں امن کوششوں کو نقصان پہنچا سکتے ہیں،امریکی وزیر خارجہ

مزید خبریں
اوٹاوا۔13نومبر (اے پی پی):امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی آبادکاروں کی جانب سے پرتشدد واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیلی آبادکاروں کی جانب سے پرتشدد واقعات کا تازہ ترین سلسلہ وسیع ہو سکتا ہے اور غزہ میں امن کی کوششوں کو نقصان پہنچا سکتا ہے۔
اردو نیوز کے مطابق کینیڈا میں جی سیون ممالک کے وزرائے خارجہ کے اجلاس کے بعد صحافیوں کی جانب سےامریکی وزیر خارجہ سے سوال کیا گیا کہ کیا مغربی کنارے میں پیش آنے والے واقعات غزہ میں جنگ بندی کو خطرے میں ڈال سکتے ہیں،جس پر انہوں نے کہا کہ امید ہے ایسا نہ ہو اور ہمیں توقع بھی نہیں ہے۔ ہم اس بات کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے کہ ایسا نہ ہو۔ واضح رہے کہ منگل کو متعدد نقاب پوش اسرائیلی آباد کاروں نے مقبوضہ مغربی کنارے میں فلسطینی دیہات پر حملہ کیا تھا جبکہ گاڑیوں اور دیگر املاک کو آگ لگا دی تھی۔
غزہ میں دو سال قبل اسرائیل کی جانب سے جنگ شروع ہونے کے بعد سے اسرائیلی آبادکاروں کی جانب سے پرتشدد واقعات میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔حالیہ ہفتوں میں ان حملوں میں شدت آئی ہے جب فلسطینی زیتون کے درختوں کے حوالے سے سالانہ تقریبات میں مصروف ہیں۔ گزشتہ ہفتے اقوام متحدہ کے انسانی ہمدردی کے دفتر نے کہا تھا کہ 2006 کے بعد سے رواں سال اکتوبر میں اسرائیلی آباد کاروں کی جانب سے مغربی کنارے میں حملوں کے سب سے زیادہ واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔








