غزہ ۔26مئی (اے پی پی):اسرائیلی بمباری سے غزہ میں بین الاقوامی ریڈ کراس کے مزید 2 کارکن جاں بحق ہو گئے ہیں۔ العربیہ اردو کے مطابق بین الاقوامی ریڈ کراس کمیٹی نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ اپنے دو کارکنوں ابراہیم عید اور احمد ابو ہلال کی موت سے ہمارے دل ٹوٹے ہوئےہیں۔
آئی سی آر سی نے کہا کہ ابراہیم عید ہتھیاروں کی آلودگی سے پیدا شدہ اثرات کی تلفی کے شعبے کے افسر کے طور پر کام کرتے تھے جبکہ ابو ہلال ریڈ کراس کے قائم کردہ ہسپتال میں سکیورٹی گارڈ کے طور پر کام کرتے تھے۔عالمی ریڈ کراس نے اپنے مذمتی بیان میں کہا ہے ان دو کارکنوں کا قتل غزہ میں ناقابل برداشت ہے۔ آئی سی آر سی نے غزہ میں جنگ بندی کی اپیل کا اعادہ کرنے کے علاوہ طبی اور امدادی کارکنوں اور عام شہریوں کے احترام اور تحفظ کے اقدامات کی قبل ازیں کی گئی اپیل کا اعادہ کیا ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل بھی ایک واقعے میں اسرائیلی فوج نے ریڈ کراس کے ایک درجن سے زائد کارکن قتل کر دیئے تھے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=601300