تہران ۔23مئی (اے پی پی):ایران نے کہا ہے کہ ممکنہ اسرائیلی حملے کا بھرپور جواب دیا جائے گا اور حملے کی ذمہ داری امریکا پر عائد ہوگی۔ العربیہ کے مطابق اسرائیل کی جانب سے ایران کی جوہری تنصیبات پر ممکنہ فوری حملوں کی تیاری سے متعلق خبروں کے پس منظر میں ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے جاری بیان میں دوٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ اگر اسرائیل نے کوئی جارحیت کی تو ایران سخت اور فوری ردعمل دے گا۔
عباس عراقچی نے ان رپورٹس پر شدید تشویش ظاہر کی جن میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل ایرانی جوہری تنصیبات پر حملے کی تیاری کر رہا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو اسرائیلی منصوبوں کی فوری مذمت کرنی چاہیے۔
انہوں نے اقوام متحدہ کو بھیجے گئے ایک پیغام میں واضح کیا کہ اگر اسرائیل کی دھمکیوں کو روکا نہ گیا تو ایران جوابی اقدامات کرے گا۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ اگر ایران کی جوہری تنصیبات پر حملہ کیا گیا تو ہم اس کارروائی میں امریکاکو بھی شریک تصور کریں گے اور امریکا کو اس کے قانونی و سیاسی نتائج بھگتنا ہوں گے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=600479