ریاض ۔26اگست (اے پی پی):سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا ہے کہ اسرائیل کی مسلسل خلاف ورزیاں دو ریاستی حل کے حصول کی بین الاقوامی کوششوں کو نقصان پہنچا رہی ہیں۔ عرب نیوز کے مطابق سعودی عرب کے شہر جدہ میں اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا کہ مزید ممالک فلسطینی ریاست کو تسلیم کر رہے ہیں۔
شہزادہ فیصل نے کہا کہ جن ممالک نے فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ان کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔انہوں نے 1967 کی سرحدوں کے مطابق فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے مملکت کی غیرمتزل حمایت کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ سعودی عرب غزہ میں فوری طور پر جنگ بندی کا مطالبہ کرتا ہے اور عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اسرائیلی قبضے کو ختم کرائے۔ان کے مطابق وہ ممالک جو اب بھی اسرائیل کے جرائم کی مذمت میں ہچکچاہٹ سے کام لے رہے ہیں ان کو اپنے موقف پر نظرثانی کرنی چاہیے۔