اسرائیلی شہریوں کا امریکی عدالت میں ایران، شام اورشمالی کوریا کے خلاف مقدمہ ، چار ارب ڈالر معاوضے کا مطالبہ

127
Israeli citizens

واشنگٹن۔2جولائی (اے پی پی):گزشتہ سال 7 اکتوبر کے حملے میں ہلاک و زخمی ہونے والے اسرائیلی شہریوں کے اہل خانہ نے امریکی عدالت میں ایران، شام اورشمالی کوریا کے خلاف مقدمہ دائر کر دیا۔ جرمنی کی ڈی پی اے نیوز سروس کی رپورٹ کے مطابق مقدمے میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ مذکورہ ممالک نے اس حملے میں فلسطینی مسلح گروپ کی حمایت کی تھی ۔

رپورٹ کے مطابق واشنگٹن کی ایک وفاقی عدالت میں دائر کئے گئے مقدمے کے مطابق ایران، شام اور شمالی کوریا نے اسرائیل پر حملے کے لئے مادی مدد اور وسائل فراہم کئے۔ اسرائیل نواز اینٹی ڈیفیمیشن لیگ نے 125 متاثرین اور ان کے اہل خانہ کی جانب سے دائر مقدمے میں اپنے متاثرہ رشتہ داروں کے اغوا اور قتل کے بدلے کم از کم 4 بلین ڈالر کے معاوضے کا مطالبہ کیا ہے۔مدعی کے حق میں فیصلے کی صورت میں متاثرہ خاندانوں کو کانگریس کی طرف سے دہشت گردی کے متاثرین کے لئے قائم امریکی فنڈ سے معاوضہ دیا جا سکتا ہے۔اس طرح کے مقدمات پر ادائیگیوں کے لئے رقم ضبط کئے گئے اثاثوں اور ان کمپنیوں کے جرمانے سے آتی ہے جو ان ریاستوں کے ساتھ غیر قانونی کاروبار کرتی ہیں جنہیں امریکا نے انسداد دہشت گردی کے قوانین کے تحت دہشت گردوں کی فہرست میں شامل کیا ہے۔