اسرائیلی شہریوں کا رام اللہ میں اسرائیلی فوجی اڈے پر دھاوا ، توڑ پھوڑ کے بعد آگ لگا دی

18

تل ابیب۔30جون (اے پی پی):اسرائیلی شہریوں نے مقبوضہ مغربی کنارے کے علاقے رام اللہ قائم جاسوسی کے لئے استعمال ہونے والے اسرائیلی فوجی اڈے پر دھاوا بول کر اس میں توڑ پھوڑ کی اور اسے آگ لگا دی۔ الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق اسرائیل کے قومی سلامتی کے وزیر اتمار بن گویر نے اسرائیلی شہریوں کے فوجی اڈے پر حملے کو ریڈ لائن قرار دیتے ہوئے اس کے ذمہ داروں سے انتہائی سختی سے نمٹنے کی ہدایت کی ہے۔

اس واقعہ میں یہودی آباد کاروں نے اسرائیلی سیکورٹی فورسز پر حملہ کیا، ان پر کالی مرچ کا سپرے کیا اور فوجی گاڑیوں کو نقصان پہنچایا ۔ حملہ آوروں کو منتشر کرنے کے لئے اسرائیلی فوج کی کارروائی میں کم از کم ایک اسرائیلی شہری زخمی ہوا۔ واضح رہے کہ انتہائی دائیں بازو کی سیاسی جماعت سے تعلق رکھنے والے اتمار بن گویر مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں غیر قانونی یہودی بستیوں کی تعمیر کے زبر دست حامی ہیں ، وہ اسرائیل سے تمام عرب شہریوں کو ملک بدر کرنے کا مطالبہ کر چکے ہیں اور ان کو اسرائیل میں نسل پرستانہ اشتعال انگیزی اور دہشت گرد گروہوں کی حمایت کے جرم میں سزا بھی سنائی جا چکی ہے۔

اسرائیل نے اب تک پورے مغربی کنارے میں 100 سے زائد بستیاں تعمیر کی ہیں، جن میں تقریباً 5 لاکھ یہوں آباد کار آباد رہائش پذیر ہیں۔اسرائیلی شہری مغربی کنارے اور مقبوضہ بیت المقدس کے مشرقی حصے میں نجی فلسطینی اراضی پر غیر قانونی طور پر مقیم ہیں۔