رام اللہ۔9مئی (اے پی پی):فلسطینی حکام نےکہا ہے کہ اسرائیلی طیاروں نے منگل کی صبح غزہ کی پٹّی میں فلسطینی تنظیم اسلامی جہاد کے ٹھکانوں پر حملے کیے جن میں تین سینئر کمانڈر شہید ہوگئے۔ اے پی نے فلسطینی وزارت صحت کے حوالے سے بتایا کہ منگل کو علی الصبح ہونے والے ان حملوں میں متعدد افراد شہید و زخمی ہوئے تاہم اس بارے تفصیلات سے آگاہ نہیں کیا گیا۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ ایک دھماکہ غزہ شہر میں ایک اپارٹمنٹ کی بالائی منزل اور جنوبی شہر رفاح میں ایک مکان میں ہوا۔ادھر،اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ فضائی حملے جنہیں ’آپریشن شیلڈ اینڈ ایرو‘ کا نام دیا گیا ، میں شمالی غزہ کی پٹی کے لیے اسلامی جہاد کے کمانڈر خلیل بتینی، غزہ اور مغربی کنارے کے اراکین کے درمیان ثالثی کرانے والے طارق عزالدین اور اسلامی جہاد کی ملٹری کونسل کے سیکریٹری جہاد غنم کو نشانہ بنایا گیا۔
بیان میں کہا گیا کہ یہ تینوں کمانڈر اسرائیل کی جانب کیے گئے حالیہ راکٹ حملوں کے ذمہ دار تھے۔ واضح رہے کہ یہ فضائی حملے ایسے وقت میں کیے گئے ہیں جب غزہ کی پٹّی میں اسرائیل اور عسکریت پسندوں کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہو رہا ہے۔
اسرائیل کئی مہینوں سے اُن فلسطینیوں کو حراست میں لینے کے لیے چھاپے مار رہا ہے جن پر اسرائیلیوں پر حملہ کرنے یا ان حملوں کی منصوبہ بندی کرنے کا شبہ ہے۔گزشتہ ہفتے غزہ کے عسکریت پسندوں نے جنوبی اسرائیل کی طرف کئی راکٹ فائر کیے۔