اسرائیلی فوج نے لبنان میں اقوام متحدہ کی عبوری فورس کے آبزرویشن ٹاور، باڑ کو بلڈوزر سے مسمار کردیا

128

بیروت۔21اکتوبر (اے پی پی):اسرائیلی فوج نے لبنان کے جنوبی قصبے مرواہین میں اقوام متحدہ کے ایک آبزرویشن ٹاور اور اس کی حدود کے گرد لگائی گئی باڑ کو بلڈوزر سے مسمار کر دیا۔ شنہوا کے مطابق لبنان میں اقوام متحدہ کی عبوری فورس(یو این آئی ایف آئی ایل )نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک بیان میں فریقین اور اسرائیلی فوج کو شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے اور اقوام متحدہ کے اہلکاروں اور املاک کی حفاظت اور ہر وقت اقوام متحدہ کے احاطے کا احترام کرنے کے حوالے سے ذمہ داریوں کی یاد دہانی کراتے ہوئے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کے موقف کی خلاف ورزی کرنا اور اقوام متحدہ کے اثاثوں کو نقصان پہنچانا بین الاقوامی قانون اور سلامتی کونسل کی قرارداد 1701 کی صریح خلاف ورزی ہے۔

اقوام متحدہ کے مشن نے کہا کہ نے اسرائیلی فوج نے باربار مطالبہ کیا ہے کہ یو این آئی ایف آئی ایل بلیو لائن کے ساتھ اپنے دفاتر اور دیگر تنصیبات خالی کر دے اور اس نے جان بوجھ کر اقوام متحدہ کے دفاتر اور دیگر تنصیبات کو نقصان پہنچایا ہے۔یو این آئی ایف آئی ایل نے زور دیا ہے کہ چیلنجزکے باوجود امن اہلکار تمام عہدوں پر برقرار ہیں۔ ہم اپنے لازمی کاموں کو جاری رکھیں گے۔

اسرائیلی فوج نے ان دنوں لبنان میں اقوام متحدہ کی عبوری فورس(یو این آئی ایف آئی ایل ) کے ٹھکانوں پر کئی بار حملے کئے ہیں، جس کے نتیجے میں اقوام متحدہ کے امن دستوں کے اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔ دوسری جانب عالمی برادری نے اسرائیلی حملوں پر تنقید کی ہے۔