مقبوضہ بیت المقدس۔28اگست (اے پی پی):مقبوضہ مغربی کنارے کے شمال میں متعدد قصبوں میں اسرائیلی فورسز کے حملوں میں مزید 10 فلسطینی شہید ہو گئے ہیں۔اے ایف پی کے مطابق ہلال احمر کے ترجمان احمد جبریل نےبتایا کہ اسرائیلی فوج نے بدھ کو جنین شہر میں2فلسطینی، قریبی گاؤں میں4 اور طوباس قصبے کے قریب پناہ گزین کیمپ میں 4 فلسطینیوں کو شہید کر دیا جبکہ حملوں میں 15 فلسطینی شہری زخمی ہو گئے۔
فلسطینی وزارت صحت کے اعداد و شمار کے مطابق غزہ میں اسرائیلی جنگ کے ساتھ ساتھ مغربی کنارے میں بھی اسرائیلی تشدد میں اضافہ ہوا ہے، 7 اکتوبر کے بعد سے مغربی کنارے میں اسرائیلی فوجیوں اور آباد کاروں کے ہاتھوں 640 سے زیادہ فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔ اسرائیلی حکام کے مطابق اسی عرصے کے دوران فلسطینیوں کے حملوں میں کم از کم 19 اسرائیلی ہلاک ہو چکے ہیں۔