اسرائیلی فوج کا غزہ کی پٹی کو دو حصوں میں تقسیم کرنے کا دعویٰ

138
اسرائیلی فوج

تل ابیب ۔6نومبر (اے پی پی):اسرائیلی فوج کے ترجمان ڈینیئل ہگاری نے غزہ کی پٹی کو دو حصوں میں تقسیم کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے مزید کہا کہ ہم کسی بھی صورت حال اور ہر محاذ پر لڑنے کو تیار ہیں۔ سعودی خبررساں ادارے کے مطابق انہوں نے ایک ٹیلی ویژن بیان میں کہا کہ آنے والے دنوں میں بڑے حملے جاری رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ غزہ کی پٹی میں زمینی کارروائیاں کرنے والی اسرائیلی افواج نے اسے دو حصوں جنوبی اور شمالی غزہ میں تقسیم کر دیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے راکٹ داغنے کے جواب میں جنوبی لبنان میں حزب اللہ کے متعدد ٹھکانوں کو بھی نشانہ بنایا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہماری افواج اس وقت غزہ شہر کا محاصرہ کر رہی ہیں اور شہر کے جنوبی ساحل تک پہنچ گئی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ فوج اب بھی شہریوں کو شمالی غزہ چھوڑ کر جنوب کی طرف جانے کی اجازت دے گی۔ انہوں نے کہا کہ غزہ میں ایندھن نہیں لایا جائے گا۔ واضح رہے اسرائیل نے بار ہا شمالی غزہ کے 11 لاکھ باشندوں سے جنوب کی طرف منتقل ہونے کا کہا ہے اور گذشتہ ہفتے کے روز وہاں کے رہائشیوں کو ایسا کرنے کے لیے "تین گھنٹے” کی ڈیڈ لائن دی تھی۔ کل شام اسرائیلی فوج نے وہاں کے باشندوں کو دوبارہ وہاں سے نکل جانے کی وارننگ دی ہے۔