اسرائیلی فوج کی جانب سے صحافیوں کو نشانے بنانے کے خلاف کے یو جے دستور کے زیر اہتمام احتجاجی مظاہرے کا انعقاد

155

کراچی۔ 14 اکتوبر (اے پی پی):اسرائیل کی جانب سے غزہ اور لبنان میں صحافیوں کو نشانہ بنانے کے خلاف کراچی یونین آف جرنلسٹس دستور کے تحت کراچی پریس کلب میں احتجاجی مظاہرے کا انعقاد کیا گیا جس میں مختلف صحافتی تنظیموں کے زمہ داران نے شرکت کی اور اسرائیلی جارحیت کی مذمت کی،صحافی رہنماؤں نے اقوام متحدہ سے انکوائری کمیشن کے قیام کا بھی مطالبہ کیا۔رہنماؤں کا مزید کہنا تھا کہ صحافیوں کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا، حماس اور اسرائیل جنگ میں اسرائیلی فوج کا وحشیانہ اقدام قابل مذمت ہے،

حقائق دیکھانے کی پاداش میں صحافیوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے،صحافی رہنماؤں کا کہنا تھا کہ اسرائیل جنگی اصولوں کو پامال کرنے کا سلسلہ شروع کردیا ہے،عام فلسطینی بچوں اور خواتین کو نشانا بنانے کے ساتھ ساتھ صحافیوں کو بھی نشانہ بنانا شروع کردیا ہے جس کی شدید مذمت کرتے ہیں،

احتجاجی مظاہرے میں کراچی یونین آف جرنلسٹس دستور کے صدر خلیل احمد ناصر، جنرل سیکرٹری نعمت خان، پی ایف یو جے دستور کے جنرل سیکرٹری اے ایچ خانزادہ، عامر لطیف،صدر کراچی پریس کلب سعید سربازی،سیکرٹری کراچی پریس کلب شعیب احمد،امتیاز خان فاران،جاوید چوہدری، کے یو جے کے صدر فہیم صدیقی سمیت دیگر صحافیوں نے شرکت کی۔صحافیوں نے شہید اور زخمی ہونے والے صحافیوں کی تصاویر پر مبنی بینرز اٹھا رکھے تھے،جنگ زدہ علاقوں میں کوریج کرنے والے صحافیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی  کی گئی اور اسرائیلی فوج کے حملے میں شہید ہونے والے صحافیوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔