غزہ۔4دسمبر (اے پی پی):غزہ میں3دن کی شدید بمباری کے بعد اسرائیلی افواج جنوبی غزہ میں داخل ہو رہی ہیں۔بی بی سی کے مطابق اسرائیلی فوج کے ریڈیو کی ابتدائی رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ اسرائیل نے خان یونس کے شمال میں زمینی کارروائیوں کا آغاز کر دیا ہے۔ اسرائیلی ٹینک خان یونس شہر کے قریب موجود ہیں ۔
اسرائیلی مسلح افواج کے سربراہ ہرزی حلیوی نے کہا ہے کہ ان کے فوجی دستے جنوبی غزہ میں بھی بھرپور طریقے سے جنگ لڑ ر ہے ہیں ۔انھوں نے کہا کہ ہم نے غزہ کی پٹی کے شمال میں اپنی پوری طاقت سے لڑائی کی اور اب ہم جنوبی غزہ میں بھی یہی کر رہے ہیں۔
اسرائیلی فوج کے ترجمان نے تصدیق کی کہ اسرائیل کی جانب سے غزہ کے تمام علاقوں میں زمینی کارروائیوں میں اضافہ کیا جا رہا ہے جس میں دو بدو جنگ بھی شامل ہے۔
ایک ہفتے کی عارضی جنگ بندی ختم ہونے کے بعد اسرائیل نے غزہ پر بڑے پیمانے پر بمباری دوبارہ شروع کر رکھی ہے جسے خان یونس کے رہائشیوں نے اب تک کے سب سے مہلک حملے قرار دیا ہے۔اسرائیلی فوج کے مطابق اس نے نئے آپریشن کے پہلے دن حماس کے 400 سے زیادہ اہداف کو نشانہ بنا یا ہے۔
قبل ازیں اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نتن یاہو نے حماس کے خاتمے اور یرغمالیوں کی رہائی کو یقینی بنانے کے لیے تمام اہداف حاصل کرنے تک اسرائیلی فوجی آپریشن جاری رکھنے کا اعلان کیا،تاہم انھوں نے تسلیم کیا کہ اسرائیلی فوج کو ایک سخت جنگ کا سامنا ہے۔
ایک دن قبل اسرائیلی فوج نے خان یونس کے کئی اضلاع سے انخلاکے احکامات جاری کرتے ہوئے لوگوں کو فوری طور پر وہاں سے نکل جانے کی ہدایت کی تھی۔