32.1 C
Islamabad
منگل, مئی 6, 2025
ہومبین الاقوامی خبریںاسرائیلی فوج کی کارروائیوں میں توسیع سے غزہ کے لاکھوں مکینوں کے...

اسرائیلی فوج کی کارروائیوں میں توسیع سے غزہ کے لاکھوں مکینوں کے بے گھر ہو نے کا اندیشہ، اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل اور یورپی یونین کا منصوبے پر تشویش کا اظہار

- Advertisement -

تل ابیب۔6مئی (اے پی پی):اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ اسرائیلی حکومت کی طرف سے منظور شدہ منصوبے کے تحت غزہ میں اسرائیلی فوج کی کارروائیوں میں توسیع کے نتیجہ میں غزہ کے زیادہ تر مکینوں کو بے گھر کردیا جائے گا جبکہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل اور یورپی یونین نے اس منصوبے پر سخت تشویش کا اظہار کیا ہے۔اے ایف پی کے مطابق اسرائیل کی سکیورٹی کابینہ کی طرف سے منظور کردہ منصوبے کے مطابق اسرائیلی فوج غزہ اور دیگر علاقوں پر قبضہ کر لے گی۔ اقوام متحدہ اور امدادی تنظیمیں بار بار غزہ میں انسانی تباہی بارے خبردار کرتے ہوئے کہہ چکی ہیں کہ دو ماہ سے زیادہ اسرائیلی ناکہ بندی کے بعد غزہ دوبارہ قحط کی لپیٹ میں ہے۔

اقوام متحدہ کے ترجمان نے کہا کہ سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریش تازہ اسرائیلی منصوبے سے خوف زدہ ہیں کیونکہ یہ غزہ کے مزید بے شمار مکینوں کی موت اور علاقے کی مزید تباہی کا باعث بنے گا۔اقوام متحدہ کے ترجمان فرحان حق نے کہا کہ غزہ مستقبل کی فلسطینی ریاست کا اٹوٹ حصہ ہے اور رہے گا۔ایک سینئر اسرائیلی سکیورٹی اہلکار کے مطابق تازہ منصوبے کا ایک مرکزی جزو غزہ کی پوری آبادی کا لڑائی کے علاقوں سے بڑے پیمانے پر انخلا ہے ۔ اسرائیلی فوجی ترجمان ایفی ڈیفرین نے کہا کہ غزہ کی پٹی کی زیادہ تر آبادی کو ان کی حفاظت کے لئےدیگر مقامات کی طرف منتقل کرنا تازہ منصوبے میں شامل ہے۔ غزہ کی پٹی کے تقریباً 24 لاکھ مکین جنگ کے دوران کم از کم ایک بار بے گھر ہو چکے ہیں۔

- Advertisement -

اسرائیل نے فلسطینیوں پر زور دیا ہے کہ وہ غزہ چھوڑ دیں، اسرائیل کے سینئر سکیورٹی اہلکار نے کہا کہ رضاکارانہ منتقلی کا پروگرام،آپریشن کے مقاصد کا حصہ ہوگا۔یورپی یونین نے اس منصوبے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسرائیل سے تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے کے نتیجے میں فلسطینی عوام کو مزید جانی نقصان اور مصائب کا سامنا کرنا پڑے گا۔یرغمالیوں کے لواحقین کی نمائندگی کرنے والے ایک اسرائیلی مہم گروپ نے کہا کہ وسیع حملے کا منصوبہ غزہ میں قید اسرائیلی یرغمالیوں کی قربانی دینا ہے۔دریں اثنا اماراتی اخبار دی نیشنل نے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی فوج کے غزہ میں فوجی آپریشن کو توسیع دینے کے نتیجے میں 14 سے 18 لاکھ فلسطینیوں کو غزہ سے ہجرت کرنا پڑ سکتی ہے۔اخبار کے مطابق اس مقصد کے لئے غزہ کی پوری آبادی کو پٹی کے جنوب میں ایک محفوظ زون میں دھکیلنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے جبکہ پٹی کے دیگر حصوں میں اسرائیلی فوج اپنی کارروائیوں کے لئے آزاد ہو گی۔

رپورٹ کے مطابق محفوظ زون غزہ کے ساتھ مصر کی سرحد کے قریب 50 سے 70 مربع کلومیٹر کے علاقے میں بنایا جائے گا۔ مبینہ طور پر اسرائیلی قیادت اس زون میں جان بوجھ کر ناقابل برداشت حالات پیدا کرنے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے تاکہ غزہ کے 23 لاکھ مکینوں میں سے 18 لاکھ کو غزہ سے ہجرت کرنے پر مجبور کیا جا سکے۔ اس صورت میں غزہ میں صرف 5 لاکھ سے 9 لاکھ فلسطینی رہ جائیں گے۔رپورٹ کے مطابق ان لوگوں کے لئے خیمے اور ابتدائی طبی کلینک اور سکول ہوں گے، اور اسرائیلی فوج کی طرف سے ہر چیز کی کڑی نگرانی کی جائے گی۔ امدادی سامان کم سے کم ہوگا، خیال یہ ہے کہ وہاں فلسطینیوں کی زندگی اتنی مشکل ہوگی کہ ان میں سے بہت سے لوگ وہاں سے جانا چاہیں گے۔

 

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=593338

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں