لاہور۔26اپریل (اے پی پی):امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ اسرائیلی مظالم کے خلاف ہڑتال کی کال کا میاب رہی،بھارت نے عملا ًجنگ کا اعلان کیا ہے، بھارت کی طرف سے کوئی جارحیت ہوتی ہے تو پوری قوم ا ور فوج ردعمل دے گی ۔ ان خیا لات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو یہاں منصورہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کر تے ہو ئے کیا۔ امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ غزہ غیرت ایمانی کا معاملہ ہے ،غزہ میں بربریت کو دنیا نے تسلیم بھی کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل غزہ میں نسل کشی کررہا ہے ،گزشتہ سو سال سے فلسطینیوں کو گھروں سے بے دخل اور قتل کیا جارہا ہے ، یہ سلسلہ اس وقت عروج پر ہے۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ بدقسمتی سے جو قوتیں انسانیت کا دم بھرتی ہیں وہ فلسطین کا ساتھ دینے کی بجائے اسرائیل کے ساتھ کھڑی ہیں جبکہ فلسطینی عالمی قوانین کے تحت مزاحمت کررہے ہیں۔امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ بلوچستان کے لوگ بھی ہڑتال میں شامل ہیں، پاکستانی عوام ساری صورتحال کو دیکھ رہی ہے ،ہڑتال نے ثابت کردیا ہے کہ پوری قوم اسرائیل کے خلاف ہے۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ دنیا میں دہشت گردی کی جتنی بھی اقسام ہیں اس میں بھارت اور اسرائیل کا گٹھ جوڑ ہے، ان دنوں ایک اسرائیلی وفد بھی بھارت پہنچا ہے یہ مل کر انسانیت دشمنی کرتے ہیں،ایسی صورتحال میں قوم کو متحد ہوکر مقابلہ کرنا ہو گا۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ بھارت نے کبھی بھی اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد نہیں کیا،بھارت نے کشمیر کی خصوصی حیثیت بھی ختم کر دی ہے جہاں ایک لاکھ سے زائد کشمیری شہید ہوچکے ہیں لیکن کوئی بھی ذمہ داری لینے کے لیے تیار نہیں ہے، ایسی صورتحا ل میں ہمیں کھل کر کشمیریوں کا ساتھ دینا چاہیے۔امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ بھا رت نے دس لاکھ فوج کشمیر میں تعینات کر رکھی ہے جو وہا ں مظا لم کے پہاڑ توڑ رہی ہے۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ بھارت ہر چند ماہ بعد ڈرامہ کرتا ہے، انہوں نے خود ہی پہلگام کا واقعہ کروایا اور سیاحوں کو قتل کروایا پھر چند منٹ بعد ایف آئی آر درج کروادی جبکہ بھارت کا یہ ڈرامہ بھی بری طرح پٹ گیا ہے۔ امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ان دنوں نائب صدر امریکہ وہاں آیا تو مودی حکو مت نے ہمدردی حا صل کر نے کے لیے پہلگام کا واقعہ کروایا لیکن بھارت پہلے کی طرح پھر ایکسپوز ہوگیا ،اس سے قبل بھی بھارت میں جب کسی دوسرے ملک کا رہنما آتا تھا تو ایسے ڈرامے کیے جاتے رہے ہیں۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ بھارت پاکستان کے خلاف کچھ نہ کچھ کرتا رہتا ہے،اب اس نے سندھ طاس معاہدے کو معطل کرنے کا کہا ہے یہ اسکا بچپنا ہے،معاہدہ ختم کرنا ہوگا تو حتمی فیصلہ دونوں فریق طے کریں گے اکیلے بھارت کچھ نہیں کرسکتا۔ انہوں نے مز ید کہا کہ ہندو ستان میں مسلما نوں اور سکھوں سمیت تما م اقلیتوں کا برا حال ہے، یہی وجہ ہے کہ آسام،ناگا لینڈ،ہماچل پردیش سمیت دیگر ریاستیں بھی بھارت سے نجات چاہتی ہیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=588262