اسرائیلی میڈیامسلسل بانی پی ٹی آئی اور ان کی پارٹی کی حمایت کررہا ہے ، بیرسٹر عقیل ملک

149

اسلام آباد۔11ستمبر (اے پی پی):مشیر قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک نے کہا ہے کہ اسرائیلی میڈیامسلسل بانی پی ٹی آئی اور ان کی پارٹی کی حمایت کررہا ہے،ٹائمز آف اسرائیل اور یروشلم پوسٹ کی جانبداری عمران خان کے اسرائیل ایجنڈے کی عکاس ہے، بانی پی ٹی آئی کی ایما پر اسرائیلی میڈیا حکومت و فوج مخالف بیانیے کو نمایاں کرکے پیش کررہا ہے۔

بدھ کو مشیر قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک نے اپنے بیان میں کہا کہ بانی پی ٹی آئی کا ایک اور اعزاز یہ بھی ہے کہ وہ اسرائیل سے تعلقات کے لیے موزوں ترین شخصیت ہیں،بانی پی ٹی آئی کا یہ ایجنڈا پاکستان کی روایتی فلسطین پالیسی کے برخلاف اسرائیلی مفادات کے تحفظ کی کوشش ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیلی میڈیا کی یہ حمایت مولانا فضل الرحمان اور حکیم محمد سعید کی عمران خان سےمتعلق کی گئی پیشن گوئیوں کو درست ثابت کرتی ہے، جنہوں نے برسوں قبل عمران خان کو اسرائیلی ایجنٹ قرار دیا تھا، یہ صورتحال اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ عمران خان کا بیانیہ اور اقدامات اسرائیلی ایجنڈے کے فروغ کا حصہ ہیں، جو نہ صرف پاکستان کی داخلی سیاست میں مداخلت بلکہ قومی مفادات کے خلاف ایک بڑی سازش ہے۔