اقوام متحدہ ۔23نومبر (اے پی پی):اقوام متحدہ نے اسرائیل اور حماس کے درمیان یرغمالیوں کی رہائی اور غزہ میں جنگ بندی کے معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس حوالے سے مزید اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔
عالمی ادارے کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریش نے جاری بیان میں کہا کہ وہ اسرائیل اور حماس کے درمیان طے پانے والے معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہیں ، اقوام متحدہ معاہدے پر عمل درآمد کے لیے تعاون فراہم کرے گی۔انہوں نے کہاکہ یہ درست سمت میں ایک اہم قدم ہےلیکن ابھی بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ غزہ میں انسانی ہمدردی کی صورتحال پر مثبت اثر ڈالنے کے لیے اپنی تمام صلاحیتوں کو بروئے کار لائے گی جو 6ہفتوں کے مسلسل اسرائیلی حملوں کے بعد تباہی کا شکار ہے اور اس کی 2.3 ملین آبادی بری طرح متاثر ہوچکی ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=413334