واشنگٹن ۔20اکتوبر (اے پی پی):امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا ہے کہ اسرائیل اور یوکرین کی جنگوں میں کامیابی امریکا کی نیشنل سکیورٹی کے لیے بہت اہم ہے۔ سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق جمعے کو وائٹ ہاؤس کے اوول آفس میں خطاب کرتے ہوئے امریکی صدر نے کانگریس پر اسرائیل اور یوکرین کے لیے اربوں ڈالر کی فوجی امداد منظور کرنے پر زور دیا۔انہوں نے کہاکہ وہ کانگریس میں تقریباًا 100 ارب ڈالر کی فوری امداد کی درخواست منظوری کے لیے بھیجیں گے جوآئندہ ایک سال کے دوران دی جائے گی، امداد کی اس تجویز میں یوکرین، اسرائیل اور تائیوان کے لیے رقم، انسانی امداد اور بارڈر مینجمنٹ شامل ہے۔
جو بائیڈن نے کہا کہ یہ ایک زبردست سرمایہ کاری ہے جو امریکا کی آئندہ نسلوں کی سکیورٹی میں معاون ثابت ہو گی۔امریکی صدر نے امید ظاہر کی کہ ان تمام امور پر ایک ہی قانون سازی کا مسودہ تیار کرنے کے بعد کانگریس سے منظوری لینے کے لیے ضروری سیاسی اشتراک پیدا کیا جا سکتا ہے۔
صدر بائیڈن نے یہ تقریر اسرائیل کے دورے سے واپس آنے پر کی ہے جس میں انہوں نے حماس کے خلاف لڑائی میں اپنے اتحادی ملک کی بھرپور مدد کا اعلان اور یکجہتی کا اظہار کیا۔وائٹ ہاؤس سے جاری بیان کے مطابق تقریر سے قبل امریکی صدر نے یوکرین کے صدر وولودیمیر زیلنسکی سے بات کی اور اُن کو اپنے ملک کی حمایت کا یقین دلایا۔