اسرائیل ایران جنگ میں کسی اور ملک کی فوجی مداخلت کے پورے خطے اور بین الاقوامی سطح پر سنگین نتائج ہوسکتے ہیں،سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ

5
United Nations
United Nations

نیویارک۔19جون (اے پی پی):اقوام متحدہ نے کہا ہےکہ ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگ کا پھیلائوباعث تشویش ہے،دونوں ممالک اس جنگ کو بین الاقوامی بنانے سے گریز کریں، خدشات کی دوری کے لئے سفارتکاری ہی بہترین راستہ ہے ۔وام کے مطابق یہ بات اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریش نے ایک بیان میں کہی۔انہوں نے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں بالخصوص ایران اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی پر گہری تشویش ہے،دونوں فریق اس تنازعے کو اس قدر طول مت دیں کہ یہ بین الاقوامی سطح تک پہنچ جائے ۔

ان کا کہنا تھا کہ اس جنگ میں کسی اور ملک کی فوجی مداخلت کے نتائج پورے خطے اور بین الاقوامی سطح پر سنگین ہوسکتے ہیں۔یواین سیکرٹری جنرل نے جنگ کے دوران ہلاکتوں ،زخمیوں ،گھروں اور اہم شہری بنیادی ڈھانچے کو پہنچنے والے بلاجواز اور المناک نقصان پر افسوس کا اظہار کیا ۔

انہوں نے کہا کہ ایران کے جوہری پروگرام اور علاقائی سلامتی کے مسائل سے متعلق خدشات کی دوری کے لئے سفارتکاری ہی بہترین اور واحد راستہ ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کا چارٹر انسانیت کو جنگ سے بچانے کا مشترکہ فریم ورک فراہم کرتا اور تمام رکن ممالک پر زور دیتا ہے کہ وہ اس چارٹر، بین الاقوامی قانون اور انسانی حقوق کی پاسداری کریں۔