مقبوضہ بیت المقدس۔ 14 مارچ (اے پی پی) اسرائیل کے عرب شہر ی اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کے حالیہ بیان پر برہمی کا اظہار کر رہے ہیں جس میں انہوں نے کہا تھا کہ اسرائیل اپنے تمام شہریوں کا ملک نہیں ہے۔ کچھ اسرائیلی عرب اسرائیل کے انتخابات کا بائیکاٹ کی اپیل کر رہے ہیں۔العربیہ ٹی وی کے مطابق پہلی محاذ آرائی انسٹا گرام پر ہوئی جس میں اداکارہ اور ماڈل روٹم سیلا نے لکھا کہ حکومت میں سے کب کوئی عوام کو یہ بتائے گا کہ اسرائیل اپنے تمام شہریوں کو ملک ہے۔اسرائیلی وزیر اعظم نے اس کا فوری جواب دیتے ہوئے کہا کہ اسرائیل اپنے تمام شہریوں کا ملک نہیں ہے۔ ہم نے ملک کا جو ریاستی قانون منظور کیا ہے، اس کے مطابق اسرائیل یہودی لوگوں کی ریاست ہے اور یہ کسی اور کی ریاست نہیں ہے۔یہ صورت حال ایک ایسے موقع پر پیش آئی ہے جب اسرائیلی انتخابات میں دو ماہ سے بھی کم عرصہ رہ گیا ہے۔ نتن یاہو کے ان بیانات نے اسرائیل کے عرب شہریوں کو برہم کر دیا ہے جو اسرائیلی ووٹرز کے 20 فیصد پر مشتمل ہیں۔اس صورت حال کا تعلق اسرائیلی الیکشن کمیشن کے اس بیان سے بھی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ایک عرب پارٹی ’بلاد‘ انتخابات میں حصہ نہیں لے سکتی کیوں کہ اس کے ارکان مبینہ طور پر دہشت گردی کی حمایت کرتے ہیں۔ بلاد پارٹی اس الزام کو مسترد کرتی ہے۔جب کہ دوسری جانت الیکشن کمشن نے ایک انتہا پسند یہودی پارٹی کو انتخابات میں حصہ لینے کی منظوری دی جو عربوں سے مطالبہ کرتی ہے کہ وہ اسرائیل سے چلے جائیں۔