اقوام متحدہ ۔7نومبر (اے پی پی):اسرائیل فلسطین تنازعے کے تصفیے کے حوالے سے اقوام متحدہ کی سلامتی کو نسل کا اجلاس 9 نومبر کو ہوگا۔ روسی خبررساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ میں متحدہ عرب امارات کی مستقل نمائندہ اور سفیر لانا زکی نصیبہ نے کہاکہ اس اجلاس میں (جس کی صدارت چین کر رہا ہے )سلامتی کونسل کے تمام 15 ارکان مشرق وسطیٰ کے تنازعات کے تصفیے کی دستاویز پر مشاورت میں حصہ لیں گے جنہیں تنظیم کے 10غیر مستقل رکن ممالک نے تجویز کیا تھا۔
واضح رہے گزشتہ ماہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل فلسطین اسرائیل تنازعے پر قراردادوں کے چار مسودوں میں سے کسی کو بھی منظور کرنے میں ناکام رہی ۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے 10غیرمستقل ارکان نے اپنی دستاویز کا مسودہ تیار کیا ہے جس میں سابقہ قراردادوں کے مسودات کی دفعات کو شامل کرنے کی توقع ہے۔ واضح رہے کہ 7اکتوبر سے جاری حماس اسرائیل جنگ میں 9 ہزار سے زائد فلسطینی شہید اور ہزاروں زخمی ہوچکے ہیں۔