واشنگٹن۔2جولائی (اے پی پی):امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اسرائیل نے غزہ میں 60 روزہ جنگ بندی کو حتمی شکل دینے کے لئے ضروری شرائط پر اتفاق کیا ہے۔ بی بی سی کے مطابق اپنے میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر ایک پوسٹ میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ مجوزہ معاہدے کے دوران ہم جنگ کے خاتمے کے لئے تمام فریقوں کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ قطری اور مصری حکام جنھوں نے امن بحال کرنے کے لئے بہت محنت کی ہے اس حتمی تجویز کو پیش کریں گے۔
مجھے اُميد ہے کہ فلسطینی عسکریت پسند بھی اس معاہدے کو قبول کریں گے کیونکہ اگر وہ ایسا نہیں کرتے تو حالات بہتر نہیں بلکہ مزید خراب ہو جائیں گے۔ 7 اکتوبر2023 سے غزہ میں جاری اسرائیلی افواج کے حملوں سے کم از کم 56,647 افراد مارے جا چکے ہیں جن میں بڑی تعداد خواتین ، بچوں اور معمر افراد کی ہے۔ 7 اکتوبر 2023 کو اسرائیل پر حملوں میں یرغمال بنائے گئے اسرائیلی شہریوں میں سے تقریباً 50 یرغمالی اب بھی غزہ میں موجود ہیں، جن میں سے کم از کم 20 کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ وہ زندہ ہیں۔
امریکی صدر ٹرمپ کا یہ اعلان اسرائیلی وزیر اعظم بنیامن نیتن یاہو کے ساتھ آئندہ ہفتے طے شدہ ملاقات سے قبل سامنے آیا ہے ۔امریکی صدر نے گزشتہ روز کہا تھا کہ ان کے خیال میں اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو غزہ میں جنگ کا خاتمہ چاہتے ہیں۔اُن کا کہنا تھا کہ اسرائیلی وزیر اعظم جنگ کا خاتمہ چاہتے ہیں۔ میں آپ کو بتا سکتا ہوں کہ وہ ایسا ہی چاہتے ہیں اور میرے خیال میں ہم اس مسئلے پر آئندہ ہفتے کوئی معاہدہ کر لیں گے۔