تل ابیب۔13دسمبر (اے پی پی):اسرائیل نے مزید 4 جنگی بحری جہاز بحیرہ احمر کی طرف روانہ کر دیئے۔
الجزیرہ کے مطابق اسرائیلی فوج نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں کہا ہے کہ سعر۔ 6 کلاس کے چار نئے اسرائیلی جنگی جہاز پہلی بار بحیرہ احمر کی طرف روانہ کئے گئے ہیں ۔اسرائیل نے نئے بحری جہازوں کو یمن میں حوثی عہدیدار کی طرف سے جاری اس انتباہ کے بعد روانہ کیا ہے جس میں بحری جہازوں کو بحیرہ احمر سے گزرتے ہوئے اسرائیل کی طرف جانے سے خبر دار کیا گیا تھا۔
علاوہ ازیں گزشتہ روز ناروے میں رجسٹرڈ ٹینکر پر میزائل حملہ بھی کیا گیا ۔ یہ ٹینکر خلیج عد ن کو بحیرہ احمر سے ملانے والےایک تنگ آبی راستے سے گزر رہا تھا۔ نئے جنگی جہاز اسرائیل کے سعر۔ 6 کلاس کارویٹس کے بیڑے کا حصہ ہیں۔ٹائمز آف اسرائیل نے رواں سال کے آغاز میں بتایا تھا کہ کارویٹس کے بیڑے کا کام اسرائیل کے گیس فیلڈ اور بحری جہازوں کے راستوں کی حفاظت ہے۔ان جرمن ساختہ جنگی بحری جہازوں پر اسرائیلی ہتھیار نصب ہیں ۔