مقبوضہ بیت المقدس۔22اپریل (اے پی پی):اسرائیلی وزیر خزانہ بزالیل سموٹریچ نے مغربی کنارے میں 5 نئی یہودی بستیاں قائم کرنے کے منصوبے کا اعلان کیا ہے۔ العربیہ اردو کے مطابق انہوں نے گزشتہ روز ’’غوش عتصیون‘‘ کی ایک بستی میں سڑک کے افتتاح کے موقع پر کہا کہ ہم نے مغربی کنارے کی طویل ترین سڑک کا افتتاح کیا ہے جو آباد کاری کو معمول بنانے کے سلسلےکی ایک اور کڑی ہے۔
اسرائیلی وزیر نے کہا کہ غوش عتصیون میں 3,600 رہائشی یونٹس کی منظوری اور5 نئی یہودی بستیوں کے قیام کے منصوبے پر کام جاری ہے۔ اس موقع پر متعدد اسرائیلی ارکانِ پارلیمان اور سیاست دان موجود تھے۔ یہ اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب اسرائیلی حکومت کے کئی وزرا مغربی کنارے میں اسرائیلی خود مختاری کے نفاذ اور آبادکاری کے فروغ کا مطالبہ کر رہے ہیں اور اسے اپنی ترجیحات میں سرفہرست قرار دے رہے ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ اسرائیلی آباد کاری تعمیراتی منصوبوں کی منظوری میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ 2025 کی پہلی سہ ماہی میں 14,000 سے زائد نئے پلان کی منظوری دی گئی جو گزشتہ برسوں کے مقابلے میں واضح اضافہ ہے۔ یہ بات اس امر کی عکاسی کرتی ہے کہ اسرائیل مغربی کنارے میں آباد کاری کا عمل تیزی سے آگے بڑھا رہا ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=585547