اسلام آباد۔6جولائی (اے پی پی):وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی و مشرق وسطی حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ اسرائیل کو تسلیم کرنے کی افواہیں پھیلانے والے حقائق سے مکمل لاعلم ہیں،اسرائیل کے حوالے سے پاکستانی عوام اور بطور ریاست پاکستان کے موقف کو پورے عالم اسلام میں قدر کی نگاہ سے دیکھا جا رہا ہے۔ منگل کو اپنے ایک ویڈیو بیان میں انہوں نے کہا کہ اسرائیل کے حوالے سے وزیراعظم عمران خان کے موقف پر فلسطینی صدر نے کہا کہ پاکستانی وزیراعظم کا موقف ایک جراتمند لیڈر اور انسان کا موقف ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے اسرائیل کے حوالے سے بہادر پاکستانی قوم کا موقف دنیا کے سامنے رکھا ہے،
ہمیں سیاست ضرور کرنی چاہئے تاہم ہمیں مشترکہ مفادات کے حوالے سے احتیاط سے کام لینا چاہئے اور حقائق کو مدنظر رکھ کر بات کرنی چاہئے۔ حافظ طاہرمحمود اشرفی نے کہا کہ اسرائیل کے حوالے سے وزیراعظم عمران خان کا موقف بڑا واضح ہے، حکومت پاکستان کا موقف بھی بڑا واضح ہے،جب تک فلسطین جس کا دارالحکومت قدس شریف ہو، کو آزاد ریاست تسلیم نہیں کر لیا جاتا اس وقت تک اسرائیل کے ساتھ تعلقات قائم کرنا تو کیا اس بارے میں سوچا بھی نہیں جا سکتا،اس حوالے سے پھیلائی جانے والی تمام خبریں بے بنیاد اور منفی پروپیگنڈے پر مبنی ہیں۔