اسرائیل کو تسلیم کرنے کے لئے پاکستان پر دبائو سے متعلق میڈیا رپورٹس کو مسترد کرتے ہیں ترجمان دفتر خارجہ

74
foreign Ministry
foreign Ministry

اسلام آباد۔17نومبر (اے پی پی):دفتر خارجہ نے اسرائیل کو تسلیم کرنے کے لئے پاکستان پر دبائوسے متعلق میڈیا رپورٹس کو مسترد کرتے ہوئے اسے جھوٹی اور بے بنیاد قرار دیا ہے۔گزشتہ روز بعض میڈیا رپورٹس میں دعوی کیا گیا تھا کہ وزیر اعظم نے کہا ہے کہ پاکستان پر اسرائیل کو تسلیم کرنے کے لئے امریکی دبائو کا سامنا ہے۔ترجمان دفتر خارجہ محمد حفیظ چوہدری نے منگل کو اس سلسلے میں ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ان رپورٹس کو جھوٹے اور بنیاد قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا اور کہا کہ وزیر اعظم پاکستان کےموقف کو دو ٹوک الفاظ میں واضح کر چکے ہیں کہ مسئلہ فلسطین کے منصفانہ حل اور فلسطینی عوام کے لئے قابل قبول حل تک پاکستان اسرائیل کو تسلیم نہیں کریگا۔ وزیر اعظم نے زور دے کر کہا تھا کہ اس سلسلے میں پاکستان کی پالیسی قائداعظم کے وژن کے مطابق ہے۔ترجمان نے کہا کہ وزیر اعظم کے بیانات اس موضوع پر پاکستان کے موقف کی واضح عکاس ہیں ، جس سے بے بنیاد قیاس آرائیوں کیلئے کوئی گنجائش ہی نہیں رہتی۔ترجمان نے کہا کہ منصفانہ ، جامع اور پائیدار امن کے لئے، پاکستان 1967 سے قبل کی سرحدوں اور القدس الشریف کے دارالحکومت کے طور پر ، اقوام متحدہ ، او آئی سی کی قراردادوں اور بین الاقوامی قوانین کے مطابق فلسطین کے دو ریاستی حل کی حمایت جاری رکھے گا۔