اسرائیل کو روکنے کے لئے امریکہ کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، فلسطین میں خونریزی ہو رہی ہے، عالمی برادری اس سے لاتعلق نہیں رہ سکتی، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی نجی ٹی وی سے گفتگو

60

اسلام آباد۔17مئی (اے پی پی):وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ اسرائیل کو روکنے کے لئے امریکہ کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، اسرائیل پر صرف امریکہ اثر انداز ہو سکتا ہے، فلسطین میں خونریزی ہو رہی ہے، نہتے لوگوں کو بربریت کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، عالمی برادری اس سے لاتعلق نہیں رہ سکتی، قبلہ اول پر حملہ امہ کے لئے ناقابل قبول ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو نجی ٹی وی چینل کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ او آئی سی کے ہنگامی اجلاس نے اپنا واضح موقف دے دیا ہے، پوری دنیا کے عوام سڑکوں پر ہیں اور اپنے غم و غصہ کا اظہار کررہے ہیں، حکمران ضرور مصلحتوں کا شکار ہو سکتے ہیں لیکن عوام بالکل واضح ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینی عوام کی آٰواز کو دبایا نہیں جا سکتا، آج کے سوشل میڈیا کے دور میں ہر شخص ایک چلتا پھرتا صحافی ہے، حقائق کو چھپایا نہیں جا سکے گا، اس لئے میں سمجھتا ہوں کہ سلامتی کونسل کے کل ہونے والے اجلاس سے بہت سے لوگوں کو مایوسی ہوئی کیونکہ سلامتی کونسل کی قرارداد پر ایک قوت کی وجہ سے اتفاق نہیں ہو سکا اور وہ ویٹو ہو گیا۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ جب عوام سامنے آ جاتی ہے تو وہ ہمہ قسم کے ویٹوز پر حاوی ہو جاتی ہے، آج نہ صرف امہ بلکہ مغرب میں بھی ایسے ذی شعور لوگ جو انسانی حقوق اور مذہبی آزادی کے قائل ہیں وہ اکٹھے ہو رہے ہیں اور یہ آواز زور پکڑتی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کل مجھے فلسطین کے وزیر خارجہ کا پیغام موصول ہوا، انہوں نے پاکستان کے موقف کو سراہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ او آئی سی کے اجلاس میں مسلم امہ کے وزراء خارجہ نے اپنے اپنے مذمتی بیانات ریکارڈ کروائے اور فلسطین کے حوالے سے اپنی تشویش اور غم و غصہ کا اظہار کیا، سلامتی کونسل میں بھی یہ مسئلہ زیر بحث آیا، یورپی یونین کے وزراء خارجہ بھی کل
منگل کو ملیں گے اور یہ بھی کوشش ہو رہی ہے کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا ہنگامی اجلاس بھی طلب کیا جائے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اسرائیل کو روکنے کے لئے امریکہ کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا کیونکہ اگر اسرائیل پر کوئی اثر انداز ہو سکتا ہے تو وہ امریکہ ہے، اس کے علاوہ اسرائیل کی جارحیت کو روکنے کے لئے لوگوں کو فلسطین کے ساتھ کھڑا ہونا ہوگا، لوگوں کو اپنے دارالخلافوں میں پارلیمنٹس میں آواز اٹھانی ہوگی، میڈیا کو بھی موثر آواز اٹھانی ہوگی اور عوام کو فلسطین کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ میں آج رات ترکی روانہ ہو رہا ہوں، فلسطین اور سوڈان کے وزیر خارجہ بھی ترکی آ رہے ہیں، 4 ممالک کے وزرائے خارجہ ترکی سے نیویارک جائیں گے، ہم جنرل اسمبلی کا اجلاس بلانے کا مطالبہ کریں گے۔