لاہور۔26اکتوبر (اے پی پی):پاکستان علما کونسل کے چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ اسرائیلی جارحیت پورے خطے کو اپنی لپیٹ میں لے رہی ہے اور دنیا کے امن کو تباہ کرنے کیلئے اسرائیل ہر طرح سے سفاکیت، بربریت اور وحشت کامظاہرہ کر رہا ہے۔ ہفتہ کو جاری اپنے بیان میں طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ اسرائیل کا ایران پر حملہ عالمی قوانین کے خلاف ہے
جس کی ہم بھرپور مذمت کرتے ہیں ،ضرورت اس بات کی ہےکہ فوری طور پر اسلامی تعاون تنظیم میں شامل ممالک ایک واضح اور متفقہ لائحہ عمل طے کریں۔ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ سعودی عرب کی طرف سے ایران پر حملے کی مذمت اور ایران کی سلامتی و خود مختاری کا تحفظ اس بات کی واضح دلیل ہے کہ مسلم امہ کسی بھی صورت اسرائیلی جارحیت کو تسلیم نہیں کر سکتی۔انہوں نے کہا کہ باہمی اتحاد سے اسرائیلی سفاکیت اور بربریت کا راستہ روکنے کی کوشش کی جائے گی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=517217