سمبڑیال۔ 07 جون (اے پی پی):اسسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ زراعت سمبڑیال ڈاکٹر افتخار احمدوڑائچ نے سبزی و فروٹ منڈی کا دورہ کیا ہے۔ انہوں نے منڈی کے مختلف حصوں کا جائزہ لیا اور نیلامی ریٹ لسٹوں کے اجراء کے عمل کی نگرانی کی۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ قیمتوں کو کنٹرول میں رکھنے کے لئے سبزی اور فروٹ منڈیوں کی مسلسل نگرانی کی جارہی ہے،
ذخیرہ اندوزی کرنے ،مصنوعی مہنگائی کرنےوالے افراد کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے ،اس سلسلے میں مارکیٹس کی بھی مسلسل مانیٹرنگ کی جارہی ہے اور ضلع انتظامیہ کی طرف سے مقرر کردہ ریٹ پر عمل درآمد یقینی بنایا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ دکاندار حضرات ریٹ لسٹ نمایاں مقامات پر آویزاں کریں اور ضلعی انتظامیہ کی طرف سے مقرر کردہ نرخوں پر اشیاء خوردونوش کی فروخت یقینی بنائیں بصورت دیگر سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔