کوئٹہ۔ 25 اگست (اے پی پی):اسسٹنٹ کمشنر تحصیل برشور نوید بلوچ نے لیویز تھانہ برشور کا اچانک دورہ کیا۔اس دوران ایڈیشنل ایس،ایچ،او تھانہ سمیت پانچ لیویز اہلکار ڈیوٹی پر موجود پائے گئےجبکہ دیگر چار اہلکار تھانہ ڈیوٹی سے غیر حاضر تھے۔اسسٹنٹ کمشنر نے اس دوران روزنامچے کا معائنہ بھی کیاجو کہ تھانہ محرر کی عدم تعیناتی کی وجہ سے مکمل نہیں کیا گیا تھا۔انہوں نے بتایا کہ ڈیوٹی روسٹر یا چیک پوسٹوں پر اہلکاروں کی تعیناتی کے حوالے سے کوئی مناسب ریکارڈ بھی دستیاب نہیں تھا
تاہم اسسٹنٹ کمشنر نے نظم و ضبط کو برقرار رکھنے اور امن و امان کی فضاء بحال رکھنے کیلئے لیویز اہلکاروں کا ڈیوٹی شفٹوں کے دوران زیادہ سے زیادہ تعداد میں فورس کی موجودگی کو یقینی بنانے کی اہمیت پر زور دہا۔انہوں نے کہا کہ تمام اہلکاران اپنی سونپی گئی ذمہ داریاں خوش اسلوبی سے سر انجام دیں،تاہم غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے والے اہلکاروں کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی،جبکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بروقت نمٹے کے لیے بھرپور انداز میں چوکس رہنے کی ضرورت ہے
اور اس ضمن میں مونیٹرنگ کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے موثر اقدامات کی ضرورت ہے،تاکہ امن و امان کی موجودہ صورتحال کو مزید تقویت مل سکے۔