اسسٹنٹ کمشنر حافظ عبدالمنان کے ٹرانسفر پر انکے اعزاز میں الوداعی تقریب کا انعقاد

99

سرگودھا ۔ 28 دسمبر (اے پی پی):اسسٹنٹ کمشنر جنرل حافظ عبد المنان کے ویلفیئر اتاثے اومان تعینات ہونے پر ان کے اعزاز میں الوداعی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان ، ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ محمد وسیم کے علاوہ دیگر افسران نے شرکت کی۔

اس موقع پر کمشنر کا کہنا تھا کہ سرکاری ملازمت جہاں ہمیں عزت، شناخت اور اختیار عطا کرتی ہے وہیں نیک نیتی اور خلوص سے فرائض کی ادائیگی کے ذریعہ عام آدمی کی مشکلات اورشکایات کے ازالہ کا بہترین موقع بھی فراہم کرتی ہے اور مخلوق خدا کی خدمت سے اللہ اور اس کے رسول کی خوشنودی حاصل کرنے کا اس سے بہترین کوئی اور ذریعہ نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ خود کوحقیقی معنوں میں عوام دوست سرکاری ملازم سمجھ کر مسائل کے حل کیلئے صدق دل سے اقدامات کرنے والوں کو لوگ ہمیشہ قدر و منزلت کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور ہمارا اصل اثاثہ بھی یہی ہے کہ عام آدمی ہماری تعیناتی کے دوران اور ٹرانسفر کی صورت میں اچھے لفظوں میں یاد رکھیں۔

حافظ عبد المنان نے کہا کہ دوران تعیناتی سینئر افسران سے بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا اور فرائض کی ادائیگی کے سلسلہ میں بھرپور تعاون اور رہنمائی حاصل رہی۔

انہوں نے مزید کہا کہ سرگودہا کے شہریوں نے دوران تعیناتی ہمیشہ عزت و احترام دیا اور یہاں کے لوگوں کی محبتیں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ بعد ازاں کمشنر جہانزیب اعوان نے انہیں سیونیر جبکہ دیگر نے انہیں تحائف دے کر دفتر سے رخصت کیا۔