صحبت پور۔ 20 نومبر (اے پی پی):اسسٹنٹ کمشنر مانجھی پور سیف الدین کھوسہ نے سستی ریڑھی بازار کا دورہ کر کے صفائی ستھرائی ، سرکاری ریٹ لسٹ کا جائزہ لیا۔ دورہ کے دوران تحصیلدار حزبﷲ کھوسہ،پٹواریاں عامر کریم جروار،ظہور احمد مینگل،بابو عبدالصمد کھوسہ و دیگر عملہ موجود تھا۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر سیف الدین کھوسہ نے دکانداروں کو سرکاری نرخ نامے کے مطابق سبزیوں کی فروخت یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے واضح کیا کہ ضلعی انتظامیہ کے احکامات کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔
اسسٹنٹ کمشنر نے وہاں پر موجود خریداروں سے بھی بات چیت کی اور کہا کہ وہ ناجائز منافع خوروں کی اطلاع فوراً ضلعی انتظامیہ کو دیں تاکہ بروقت کارروائی کی جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ عوام کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے اور کسی بھی صورت میں عوام کے حقوق کی پامالی برداشت نہیں کی جائے گی۔ ضلعی انتظامیہ صحبت پور کی یہ کارروائیاں کمشنر نصیرآباد ڈویژن کے اس عزم کی عکاسی کرتی ہیں کہ عوام کے مسائل کے حل کے لیے کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں کیا جائے گا اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف سخت اقدامات جاری رہیں گے۔