اسسٹنٹ کمشنر مری نے انسداد پولیو مہم کا افتتاح کر دیا

68

راولپنڈی۔ 26 مئی (اے پی پی):مری میں بھی ملک بھر کی طرح قومی انسداد پولیو مہم کا آغاز ہو گیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال مری میں اسسٹنٹ کمشنر مری فیصل احمد نے انسداد پولیو مہم کا آغاز کیا۔ انہوں نے ٹی ایچ کیو ہسپتال میں بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر انسداد پولیو مہم کا افتتاح کیا ہے ۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر نے کہا کہ انسداد پولیو مہم کو کامیاب بنانا قومی فریضہ ہے

پولیو مہم کو کامیابی سے ہمکنار کرنا ہم سب کی مشترکہ قومی ذمہ داری ہے۔ مری کے دشوار پہاڑی علاقوں میں پولیو ٹیمیں بچوں کو پولیو کے قطرے پلائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ پولیو ورکرز کے ساتھ والدین تعاون کریں، یہ ہمارے بچوں کے مستقبل کو محفوظ بنانے کی مہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی فریضے کی ادائیگی کے لیے سب مل کر تعمیری کردار ادا کریں، اگر سب مل کر کام کریں تو جلد ہی ملک سے پولیو کا خاتمہ ہو جائے گا۔