سیالکوٹ۔29اپریل (اے پی پی):اسسٹنٹ کمشنر پسرور سدرہ ستار نے سیکنڈ ایئر کے سالانہ امتحانات کے آغاز پر امتحانی مرکز گورنمنٹ گریجویٹ کالج پسرور کا اچانک دورہ کیا جس کا مقصد طلبا کے لیے فراہم کی جانے والی بنیادی سہولیات کا جائزہ لینا تھا۔ انہوں نے صفائی ستھرائی، پنکھوں کی فعالیت، روشنی کے مناسب انتظام، صاف پانی کی فراہمی اور واش رومز کی حالت کا تفصیلی معائنہ کیا۔
اے سی نے ہدایت کی کہ طلبا کو پُرسکون، صاف ستھرا اور سازگار ماحول فراہم کیا جائے تاکہ وہ بغیر کسی دقت کے اپنے امتحان میں حصہ لے سکیں۔انہوں نے کہا کہ ہر کمرہ امتحان میں پنکھے صحیح حالت میں چلنے چاہئیں،تمام واش رومز کو صاف ستھرا رکھا جائے اور ان میں مناسب صفائی کا باقاعدہ شیڈول مرتب کیا جائے،پینے کے پانی کے کولر باقاعدگی سے چیک کیے جائیں تاکہ پانی کی دستیابی میں کوئی مسئلہ نہ ہو،بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور متبادل انتظامات بھی مہیا ہوں ، عملہ مکمل الرٹ رہے تاکہ طلبا کو فوری سہولت فراہم کی جا سکے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=589476