اسسٹنٹ کمشنر گلیات شمیم اﷲ کا آتشزدگی سے متاثرہ 5 مکانوں کا معائنہ، رپورٹ انتظامیہ کو پیش کر دی

116

ایبٹ آباد۔ 30 جنوری (اے پی پی):اسسٹنٹ کمشنر گلیات شمیم اﷲ نے گذشتہ روز جنگل میں لگنے والی آگ کی وجہ سے متاثرہ پانچ مکانوں کا معائنہ کر کے رپورٹ پیش کر دی۔ انہوں نے نملی میرا جا کر خود آگ کی وجہ سے جل کر خاکستر ہونے والے مکانوں اور اس میں موجود سامان کا تخمینہ لگایا۔

اسسٹنٹ کمشنر گلیات شمیم اﷲ نے چیئرمین ویلج کونسل نملی میرا II سردار حفیظ، جنرل کونسلر سردار الطاف، یوتھ کونسلر یاسین نوید اور اہلیان نملی میرا کے ہمراہ گذشتہ دنوں جنگل میں لگنے والی آگ کی وجہ سے پانچ مکان جو جل کر خاکستر ہو گئے تھے، کا موقع پر معائنہ کیا، محلہ چھم والے دو مکانوں کا معائنہ اے سی گلیات شمیم اﷲ نے جمعرات کے روز کیا اور نقصان کا تخمینہ لگا کر رپورٹ ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد کو ارسال کر دی۔

اہلیان علاقہ کا کہنا ہے کہ ہم رکن صوبائی اسمبلی سردار رجب علی عباسی کے مشکور ہیں جنہوں نے آگ لگنے کے واقعہ کے فوری بعد ضلعی انتظامیہ کو متاثرہ مکانوں کا تخمینہ لگا کر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی تھی تاکہ صوبائی حکومت سے متاثرہ خاندانوں کو ریلیف فراہم کروایا جائے۔