اسلام، پاکستان کا آئین اور قانون اقلیتوں کے حقوق کا ضامن ہے، اقلیتوں کے بنیادی حقوق کیلئے حکومت پرعزم ہے، وفاقی وزیر مذہبی امور

330

اسلام آباد۔11اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور نے کہا ہے کہ اسلام، پاکستان کا آئین اور قانون اقلیتوں کے حقوق کا ضامن ہے، حکومت اقلیتوں کے بنیادی حقوق کیلئےپرعزم ہے، اسلام مذہب کی جبری تبدیلی کی حوصلہ افزائی نہیں کرتا، شریعت غیرمسلموں کو آزادی سے اپنے مذہب پر عمل پیرا ہونے کی اجازت دیتی ہے۔

جمعرات کو یہاں اقلیتوں کے قومی دن کی تقریب کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسلام انسانیت کے احترام کا درس دیتا ہے، شریعت محمدیﷺ کے ابدی اصولوں کے مطابق کوئی بھی ضابطہ یا قانون اقلیتوں کے حقوق کے منافی نہیں بن سکتا۔

انہوں نے کہا کہ معاشرے کے بڑے طبقات کی طرح اقلیتوں کو برابر کا شہری ہونے کے حقوق حاصل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے معاشرے میں اقلیتوں کے بنیادی حقوق کو اجاگر کرنے کی ضرورت ہے، پاکستان کی حکومت نے اس ضمن میں ہر سال 11 اگست کو اقلیتوں کے دن کے طور پر اسی لئے مختص کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسلامی ملک ہونے کے ناطے سے یہاں بسنے والی تمام اقلیتوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ کیلئے حکومت پرعزم ہے کیونکہ اسلام، آئین اور ملک کا قانون اقلیتوں کے حقوق کا ضامن ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتوں کو زندگی کے تمام شعبوں میں شامل کرنے کیلئے وسیع مواقع فراہم کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کے تمام طبقات کو جب یکساں حقوق حاصل ہوں گے تو ملک ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہوگا، اسلام اللہ تعالیٰ کی وحدانیت کی تعلیم دیتا ہے، اس لئے اسلام کسی دوسرے مذہب کے پیروکار کو مذہب کی جبری تبدیلی کی حوصلہ افزائی نہیں کرتا کیونکہ یہ اسلام کا دائمی اصول ہے کہ ’’اسلام میں کوئی جبر نہیں‘‘۔انہوں نے کہا کہ شریعت کے تحت تمام غیرمسلموں کو اسلامی ریاست کے اندر ہر قسم کی مذہبی آزادی حاصل ہے،

ملت اسلامیہ ان کے عقیدے اور عبادت میں مداخلت نہیں کرتی۔ وزیر مذہبی امور نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان میں اقلیتوں کو وہ تمام حقوق حاصل ہونے چاہئیں جو ایک مثالی معاشرے اور ریاست میں حاصل ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تبدیلی کا آغاز ہمیں اپنے آپ سے کرنا ہوگا، جب تک ہم خود کو نہیں بدلیں گے معاشرہ نہیں بدل سکتا۔

انہوں نے ملک کی ترقی اور خوشحالی کیلئے اقلیتوں کے کردار کو خاص طور پر سراہا اور انہوں نے ملک کی تمام اقلیتوں کو خیرسگالی اور امن کا پیغام دیتے ہوئے کہا کہ اس دن ہمیں یہ عہد کرنا ہوگا کہ ہم اسلامی تعلیمات کے مطابق پرامن معاشرہ قائم کریں گے اور ملک میں امن و سکون کے ساتھ زندگیاں بسر کریں گے۔