لاہور۔23اکتوبر (اے پی پی):چیئرمین پاکستان علما کونسل و سیکرٹری جنرل انٹرنیشنل تعظیم حرمین شریفین کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ حرمین شریفین مسلم امہ کی وحدت اور اتحاد کا مرکز ہے ،یہاں سے ملنے والا پیغام ہی انتہا پسندی ، دہشت گردی ، فرقہ وارانہ تشدد کے خاتمے اور دنیا میں امن و اعتدال کو پھیلانے کا سبب بن سکتا ہے ،
اسلامو فوبیا اور دیگر مسائل پر مسلم امہ کی وحدت اور اتحاد وقت کی اہم ضرورت ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے نائجیریا کے دارالخلافہ ابوجا میں انٹرنیشنل تعظیم حرمین شریفین کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر انہوں نے کانفرنس کی صدارت کے فرائض بھی سر انجام دیئے۔انہوں نے کہا کہ ہم خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز اور ان کے ولی عہد امیر محمد بن سلمان کی اسلام اور مسلمانوں کیلئے خدمات کوخراج تحسین پیش کرتے ہیں اور پوری مسلم امہ کا موقف واضح ہے کہ ہم ارض حرمین شریفین کی سلامتی و استحکام پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے ۔
انہوں نے کہاکہ تمام مسائل پر سعودی عرب کے موقف کی علما اسلام تائید و حمایت کرتے ہیں۔حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ انتہا پسندی ،د ہشت گردی اور فرقہ وارانہ تشدد کے خاتمے کیلئے ہمیں اسلام کے حقیقی پیغام کو عام کرنا ہو گا جو ارض حرمین شریفین مک المکرمہ اور مدینہ منورہ سے ہمیں ملا ہے ، اسلام کا پیغام امن ، سلامتی اور اعتدال کا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسلام انتہا پسندی ، دہشت گردی ، فرقہ وارانہ تشدد کی مکمل نفی کرتا ہے ، اسلام کے آنے سے غلاموں اور عورتوں کو حقوق ملے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بعض اسلامی ممالک میں جو بد امنی کی صورتحال ہے وہ بیرونی مداخلت کی وجہ سے ہے ، فوری طور پر اسلامی ممالک میں بیرونی مداخلتیں بند ہونی چاہئیں۔ مسئلہ کشمیر اور فلسطین امت مسلمہ کے مسائل ہیں، ان کا فوری حل ضروری ہے ، تیل کے معاملہ پر سعودی عرب کا موقف درست سمت ہے۔
کانفرنس سے ڈاکٹر ابراہیم جامع اوتویو، ڈاکٹر دائود عبدا لباقی محمد، ڈاکٹر امام عیسی عبد الکریم ، ڈاکٹر سلیمان عثمان سلیمان، ڈاکٹر محمد عبد اللہ ثانی ، ڈاکٹر شرف الدین بادییبور اجی ، ڈاکٹر محمد منیر الیاس، ڈاکٹر محمد الحاج ابو بکر ، ڈاکٹر ابوبکر محمد ثانی، ڈاکٹر الخضر عبد الباقی محمد اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔