لاہور۔12فروری (اے پی پی):لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی( لیسکو ) کے ترجمان نے کہا ہے کہ چیف ایگزیکٹو انجینئر شاہد حیدر کی ہدایت پر ریجن کے پانچوں اضلاع میں انسداد بجلی چوری مہم تیز کردی گئی ہے اس سلسلے میں ایکسیئن سول لائن کی ہدایت پر اسلامیہ پارک سب ڈویژن کی ٹیم نے قرطبہ کمپلیکس پر اچانک چھاپہ مار کر بجلی کی چوری پکڑ لی،
ملزمان واپڈا کی سپلائی لائن سے کنڈا لگا کر بجلی چوری کر رہے تھے، لیسکو حکام نے تمام بجلی چوری میں استعمال ہونےوالی تاریں قبضے میں لے کر ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کردیا ہے۔چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر شاہد حیدر کا کہنا ہے کہ انسداد بجلی چوری مہم شروع ہونے کے بعد بجلی کی چوری میں واضح کمی آئی ہے تاہم بجلی چوری کے مکمل خاتمے تک مہم جاری رہے گی۔