چنیوٹ۔ 19 ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر بحری امور قیصر احمد شیخ نےکہا کہ اسلامیہ ہائی سکول چنیوٹ نے علاقے کی تعلیمی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ 1901 میں قائم ہونے والے اس سکول کے فارغ التحصیل طلبہ نے دنیا بھر میں چنیوٹ کا نام روشن کیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے صداقت اینڈ رشیدہ اسلم کیئر ماڈل سکول کی دوسری منزل کی توسیع کےافتتاح پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس منصوبے کی تکمیل سے سکول میں 500 مزید طلبہ کو تعلیم حاصل کرنے کا موقع ملے گا۔
تقریب میں جدید کمپیوٹر لیب کا بھی افتتاح کیا گیا، جس میں 40 کمپیوٹرز شامل ہیں۔ یہ لیب طلبہ کو جدید آئی ٹی تعلیم فراہم کرنے میں معاون ثابت ہوگی اور جدید تعلیمی معیار کو فروغ دینے میں سنگ میل ثابت ہو گی۔صداقت اینڈ رشیدہ اسلم کیئر ماڈل سکول میں اس وقت 867 طلبہ زیر تعلیم ہیں، جن میں 400 طالبات شامل ہیں۔ نئی تعمیراتی منصوبے پر تقریباً 50 ملین روپے لاگت آئے گی۔
اس منصوبے کی تکمیل کے بعد سکول کی مجموعی گنجائش 1367 طلبہ تک بڑھ جائے گی۔ تقریب میں وفاقی وزیر بحری امور قیصر احمد شیخ کے علاوہ چنیوٹ کے مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے معززین نے شرکت کی، جن میں ڈائریکٹر فاسٹ نیشنل یونیورسٹی چنیوٹ کیمپس ڈاکٹر شہزاد سرفراز، ڈائریکٹر گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد چنیوٹ کیمپس ڈاکٹر فلک شیر، صدر انجمن تاجران چنیوٹ حاجی جمیل فخری، ڈسٹرکٹ پولیس افسر چنیوٹ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد طلحہ سعید اور اسسٹنٹ کمشنر چنیوٹ شامل تھے۔ علاوہ ازیں سکول میں زیر تعلیم طلبہ کے والدین اور شہر کے معززین بھی اس تقریب کا حصہ بنے۔
کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے چھ صدور اسلامیہ ہائی سکول چنیوٹ سے فارغ التحصیل ہوئے ۔ وفاقی وزیر بحری امور قیصر احمد شیخ نےکہا کہ انہوں نے 1962 میں اسلامیہ ہائی سکول چنیوٹ سے میٹرک کیا اور 1966 میں اسلامیہ ڈگری کالج چنیوٹ سے گریجویشن مکمل کی۔ ان کا کہنا تھا کہ آج فاسٹ نیشنل یونیورسٹی چنیوٹ کیمپس میں پورے پاکستان سے طلبہ و طالبات تعلیم حاصل کر رہے ہیں، اور یہ ان کا دیرینہ خواب تھا کہ چنیوٹ تعلیم کا مرکز بنے۔
قیصر احمد شیخ نے صداقت کیئر ماڈل سکول کی کامیابی کو سراہتے ہوئے سکول کے لیے 10 لاکھ روپے کے عطیہ کا اعلان کیا اور کہا کہ تعلیم پر خرچ کرنا ہماری مذہبی اور سماجی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے سکول کی پرنسپل میڈم کلثوم کے کردار کو بھی سراہا۔