بہاولپور۔ 24 جون (اے پی پی):ترجمان اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور نے کہا ہے کہ جامعہ میں کسی بھی طرح کی ہراسمنٹ پر زیر و ٹالرنس پالیسی نافذ ہے، اس سلسلے میں ہائر ایجوکیشن کمیشن کی گائیڈ لائنز کے مطابق اینٹی ہراسمنٹ معاملات کی تحقیقات کا پورا میکانزم موجود ہے، یونیورسٹی کی سینئر خاتون اساتذہ کی سربراہی میں یونیورسٹی سینٹر برائے اینٹی ہراسمنٹ اینڈ ڈسکریمینیشن موجود ہے، یونیورسٹی میں تمام کیمپسز میں نمایاں جگہوں پر اینٹی ہراسمنٹ کمیٹی و سنٹر کی جانب سے واضح انداز میں فون نمبر آویزاں کیے گئے ہیں
کوئی بھی طالب علم یا طالبہ ایسی شکایت کی صورت میں بلاجھجک متعلقہ اساتذہ اور کمیٹی ممبران سے رجوع کر سکتے ہیں، اس سلسلے میں یونیورسٹی ویب سائٹ پر بھی تمام معلومات موجود ہے۔ ترجمان نے کہا کہ اینٹی ہراسمنٹ پالیسی اور شکایت کے طریقہ کار سے متعلق آگاہی سیمینار بھی منعقد کیے جاتے ہیں، تمام طلباو طالبات ایسی کسی بھی شکایت کو بلاخوف یونیورسٹی کے حکام کو آگاہ کریں، اس سلسلے میں عدم آگاہی نہ صرف مذکورہ طالب علم بلکہ جامعہ کے لیے بھی مسائل کا سبب بنتی ہے
لہذا ملازمین اور طلباو طالبات کو دوبارہ آگاہ کیا جاتا ہے کہ ایسی کسی بھی شکایت پر یونیورسٹی سے رجوع کریں تاکہ ایسے معاملے کی فوراً تحقیقات کرکے ذمہ دار افراد کے خلاف قانونی کاروائی کی جاسکے۔