اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کی فیکلٹی ممبران کی ٹیم نے ورلڈ وائلڈ لائف فنڈ پاکستان سے ایک مسابقتی کنسلٹنسی کامیابی سے حاصل کرلی

66

بہاول پور۔ 12 مارچ (اے پی پی):آفس آف ریسرچ انوویشن اور کمرشلائزیشن (اورک) اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپورکی کاوشوں سے فیکلٹی ممبران کی ایک ٹیم نے ورلڈ وائلڈ لائف فنڈ (ڈبلیو ڈبلیو ایف ) پاکستان سے ایک مسابقتی کنسلٹنسی کامیابی سے حاصل کی ہے۔

اس کنسلٹنسی کا مقصد مصنوعی کھادوں اور 4R غذائی اجزاء کے متبادل طریقوں کا استعمال کرتے ہوئے زرعی پیداوار بڑھانے کیلئے فیلڈ اسٹاف کی مہارت میں اضافے اور پائیدار زرعی طریقوں کا فروغ ہے۔ اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کی ٹیم کی قیادت پروفیسر ڈاکٹر مکشوف احمد کر رہے ہیں اور دیگر ارکان میں ڈاکٹر اظہر حسین، ڈاکٹر حافظ تنویر احمد اور ڈاکٹر ابوبکر ڈار شعبہ سوائل سائنس شامل ہیں۔

اس پراجیکٹ کو پنجاب اور سندھ کے مختلف اضلاع میں فیلڈ سٹاف کو متبادل کھاد ڈالنے کی تکنیکوں اور موثر غذائیت کے انتظام کی حکمت عملیوں کو نافذ کرنے کے لیے علم اور مہارت سے آراستہ کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران نے اورک کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے ڈائریکٹر اورک پروفیسر ڈاکٹر محمد عاطف اور ریسرچ ٹیم کی کاوشوں کو سراہا ہے۔

یہ کامیابی اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے ذرائع آمدنی میں اضافے اور فیکلٹی کی استعداد کار میں اضافے کا سبب بنے گی۔ یہ اقدام مؤثر تحقیق پر مبنی مشاورتی منصوبوں کے حصول میں فیکلٹی کی بڑھتی ہوئی دلچسپی اور کامیابی اور زرعی اختراعات کو فروغ دینے میں اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے ابھرتے ہوئے کردار کا مظہر ہے۔