بہاولپور۔ 23 جنوری (اے پی پی):اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے شعبہ زوالوجی کے طلبہ نے موم اور شہد سے مختلف تجارتی مصنوعات تیار کرکے ایک انقلابی کامیابی حاصل کی ہے،یہ منصوبہ شعبے کی تاریخ میں اپنی نوعیت کا پہلا تجربہ ہے،لیکچرر مدثر مقبول کی رہنمائی میں ”اکنامک زوالوجی“ کورس کے طلبہ نے جانوروں سے حاصل ہونے والے خام مال کا استعمال کرتے ہوئے ماحول دوست مصنوعات تیار کیں، ان مصنوعات میں قدرتی اجزا سے بنی ہوئی آرگینک صابن، جراثیم کش کھانسی کی گولیاں، موم کی مختلف اقسام اور موم بتیاں شامل ہیں۔
اس منصوبے کا بنیادی مقصد طلبہ میں کاروباری صلاحیتوں کو فروغ دینا اور انہیں روزگار کے قابل بنانا ہے تاکہ وہ گریجویشن کے بعد ملکی معیشت میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔ شعبہ زوالوجی کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر عبدالغفار نے طلبہ کی ،اس کامیابی کو شعبہ زوالوجی اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کیلئے باعثِ فخرقراردیا۔ انہوں نے طلبہ اور انسٹرکٹر مدثر مقبول کی کوششوں کو خراج تحسین پیش کیا۔