بہاول پور۔ 04 فروری (اے پی پی):پنجا ب کی 25جامعات میں ریگولروائس چانسلرکی تعیناتی کاعمل تاحال جاری ہے ۔اس حوالے سے اسلامیہ یونیورسٹی سمیت 4یونیورسٹیز جن میں ہوم اکنامکس وومن یونیورسٹی لاہور،گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہوراور یونیورسٹی آف ناروال شامل ہیں کیلئے دوبارہ اشتہاردیاگیاتھا ۔ ہائرایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ حکومت پنجاب کے ذرائع کے مطابق سکروٹنی کے بعد 50امیدواروں کو فائنل کیاگیاتھا اوراب باقاعدہ ان 4یونیورسٹیوں میں ریگولروائس چانسلرکی تعیناتی کیلئے انٹرویوزکاعمل بھی شروع کیاجارہاہے۔
جس کے مطابق 10فروری سے انٹرویوز شروع کئے جارہے ہیں جس کیلئے متعلقہ امیدواروں کوباقاعدہ کال لیٹرز جاری کردئیے گئے ہیں۔ یہ لیٹرز گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور،اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپوراوریونیورسٹی آف ناروال کے حوالے سے جاری کئے گئے ہیں ۔جبکہ ذرائع کے مطابق سابقہ وائس چانسلر گلگت یونیورسٹی پروفیسرڈاکٹر نعیم خان کوبھی دوبارہ کال لیٹرجاری کردیاگیاہے جن کی جانب سے ہائیکورٹ لاہوربنچ میں ایک رٹ زیرسماعت ہے جس میں انہوں نے یہ دعویٰ کیاتھاکہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپورکیلئے پہلے ہونیوالے انٹرویومیں سرچ کمیٹی کی جانب سے بھجوائے گئے پینل میں وہ پہلے نمبرپرتھے لیکن ان کووائس چانسلرتعینات نہیں کیاگیا ۔جس پر ہائی کورٹ نے باقاعدہ تمام فریقین سے کمنٹس طلب کئے ہوئے ہیں اوراب اس کیس کی سماعت 26فروری 2025ء کوہے۔