اسلام آباد۔11اکتوبر (اے پی پی): نگران وفاقی وزیرخزانہ، محصولات واقتصادی امور ڈاکٹر شمشاد اختر نے کہاہے کہ اسلامی ترقیاتی بینک پاکستان کا اہم ترقیاتی شراکت دار ہے۔
انہوں نے یہ بات بدھ کو مراکش میں بین الاقوامی مالیاتی فنڈ اور عالمی بینک کے سالانہ اجلاسوں کے موقع پر اسلامی ترقیاتی بینک کے صدر محمد سلیمان الجاسر سے ملاقات میں گفتگو کرتےہوئے کہی ۔ ملاقات میں اقتصادی تعاون اور ترقیاتی اقدامات سے متعلق امور پر مفید گفتگو ہوئی۔ فریقین نے اقتصادی و مالیاتی تعلقات کو فروغ دینے اور اقتصادی نمو کے لئے مل کر کام کرنے کی اہمیت سے اتفاق کیا ۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ اسلامی ترقیاتی بینک پاکستان کا کلیدی ترقیاتی شراکت دار ہے اور ملک کی اقتصادی اور سماجی ترقی میں اسلامی ترقیاتی بینک اہم کردار اداکررہا ہے۔ واضح رہے کہ وزیرخزانہ عالمی بینک اور بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے سالانہ اجلاسوں میں شرکت کے لئے مراکش میں سرکاری دورے پر ہیں
۔ اس دورے کے دوران وہ عالمی بینک ، بین الاقوامی فنڈ اور دیگر مالیاتی اداروں کے نمائندوں سے دو طرفہ ملاقاتیں کریں گے۔