اسلامی تعاون تنظیم کی نیوز ایجنسیاں پائیدار ترقی میں کازان فورم میں میڈیا کے کردار پر تبادلہ خیال کریں گی، کازان فورم 2023 روس کے شہرکازان میں 18اور 19 مئی کو ہوگا

228
اسلامی تعاون تنظیم کی نیوز ایجنسیاں پائیدار ترقی میں کازان فورم میں میڈیا کے کردار پر تبادلہ خیال کریں گی، کازان فورم 2023 روس کے شہرکازان میں 18اور 19 مئی کو ہوگا

اسلام آباد۔15مئی (اے پی پی):اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کی نیوز ایجنسیاں پائیدار ترقی میں کازان فورم میں میڈیا کے کردار پر تبادلہ خیال کریں گی۔ اسلامی تعاون تنظیم کی نیوز ایجنسیز کی یونین (یو این اے) کے زیر اہتمام 18 مئی کو دو روزہ میڈیا سیشن کا انعقاد ہوگا جس کا موضوع ”روس۔

اسلامی دنیا: پائیدار ترقی اور اقتصادی خوشحالی کے لئے میڈیا تعاون“ ہے۔ اس میڈیا سیشن کا انعقاد بین الاقوامی اقتصادیات کے فریم ورک کے تحت ہوگا۔ کازان فورم 2023 روس کے شہر کازان میں 18اور 19 مئی کو ہوگا۔ ٹیٹ میڈیا ریپبلکن ایجنسی فار پریس اینڈ ماس کمیونیکیشن کے تعاون سے منعقد ہونے والے اس میڈیا سیشن میں اسلامی تعاون تنظیم کے جنرل سیکرٹریٹ، اسلامک سنٹر فار ٹریڈ ڈویلپمنٹ اور اسلامی تعاون تنظیم کے رکن ممالک اور روس کی متعدد دیگر خبر رساں ایجنسیوں اور ذرائع ابلاغ کے اداروں کے نمائندے شرکت کریں گے۔ سیشن میں اسلامی دنیا اور روس کے درمیان میڈیا تعاون کے موضوعات پر غور کیا جائے گا،

جس میں پائیدار ترقی اور اقتصادی شراکت داری میں ذرائع ابلاغ کے اہم کردار اوربین الاقوامی سطح پر میڈیا پارٹنرشپس کو مضبوط بنانے کے لئے عملی اقدامات کرنا شامل ہیں۔ یونین آف او آئی سی نیوز ایجنسیز (یو این اے) کے قائم مقام ڈائریکٹر جنرل محمد عبد ربو الیمی نے کہا ہے کہ آئندہ سیشن عالمی میڈیا کے چیلنجز سے نمٹنے، خبر رساں ایجنسیوں کے درمیان روابط استوار کرنے اور معلومات کا تبادلہ کرنے اور میڈیا انڈسٹری میں امن اور رواداری کو فروغ دینے کا ایک موقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ یو این اے کے اس سیشن کا مقصد اسلامی ممالک میں میڈیا کے اداروں کو دنیا بھر کی مہارتوں سے استفادہ کرنے اور رکن نیوز ایجنسیوں کے درمیان رابطوں کو بڑھانے سمیت ان کی بین الاقوامی تقریبات میں موجودگی اور شرکت کو بڑھانے کی کوششوں کا حصہ ہے۔

ٹیٹ میڈیا ریپبلکن ایجنسی فار پریس اینڈ ماس کمیونیکیشن کے سربراہ ایدار سلیمگارائیف نے کہا ہے کہ روس اسلامی دنیا کے ممالک کے ساتھ مشترکہ معلومات کے خطرات سے نمٹنے کے لئے ایک فعال بات چیت کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا ممالک کے درمیان پائیدار ترقی اور اقتصادی شراکت داری کا محرک ہے، یہی وجہ ہے کہ میڈیا تعاون اور میڈیا ڈپلومیسی جدید حالات میں ریاستوں کے درمیان سفارتکاری کو فروغ دیتا ہے اور معلومات تک مساوی رسائی فراہم کرتا ہے۔

توقع ہے کہ کازان فورم اپنے چودھویں ایڈیشن میں ایک ہزار سے زائد شرکاءکی موجودگی میں روس اور اسلامی ممالک کے درمیان اقتصادی شراکت داری پر تبادلہ خیال کرنے کے لئے 140 سے زائد ورکنگ سیشنز کا مشاہدہ کرے گا، جن میں او آئی سی ممالک سمیت مشرق وسطیٰ کے کاروباری افراد اور سرمایہ کار شریک ہوں گے۔