اسلام آباد۔19مئی (اے پی پی):اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کی نیوز ایجنسیوں کے نمائندوں نے کازان فورم میں پائیدار ترقی اور اقتصادی خوشحالی کے لئے میڈیا کے کردار پر تبادلہ خیال کیا ہے ۔ اسلامی تعاون تنظیم کی نیوز ایجنسیز کی یونین (یو این اے) کے زیر اہتمام دو روزہ میڈیا سیشن کا انعقاد ہوا جس کا موضوع ”روس۔ اسلامی دنیا: پائیدار ترقی اور اقتصادی خوشحالی کے لئے میڈیا تعاون“ تھا۔
جمعہ کو دوسرے روز بھی کازان فورم جاری رہا۔ کازان فورم 2023 ٹیٹ میڈیا ریپبلکن ایجنسی فار پریس اینڈ ماس کمیونیکیشن کے تعاون سے منعقدہ میڈیا سیشن میں اسلامی تعاون تنظیم کے جنرل سیکرٹریٹ، اسلامک سنٹر فار ٹریڈ ڈویلپمنٹ اور اسلامی تعاون تنظیم کے رکن ممالک اور روس کی متعدد دیگر خبر رساں ایجنسیوں اور ذرائع ابلاغ کے اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔
سیشن میں اسلامی دنیا اور روس کے درمیان میڈیا تعاون کے موضوعات کو زیر بحث لایا گیا جس میں پائیدار ترقی اور اقتصادی شراکت داری میں ذرائع ابلاغ کے اہم کردار اوربین الاقوامی سطح پر میڈیا شراکت داریوں کو مضبوط بنانے کے لئے عملی اقدامات کرنا شامل ہیں۔ او آئی سی جنرل سیکرٹریٹ کے سینئر حکام نے 14 ویں بین الاقوامی اقتصادی فورم کازان فورم 2023 کے موقع پر منعقدہ بین الاقوامی میڈیا کانفرنس، روس اور اسلامی دنیا: میڈیا تعاون برائے پائیدار ترقی میں شرکت کی۔
کانفرنس میں اپنی ورچوئل شرکت کے دوران او آئی سی کے محکمہ اطلاعات کے ڈائریکٹر واجدی علی سندھی نے کانفرنس سے خطاب کیا اور اس بات پر زور دیا کہ او آئی سی میڈیا کے کام کا مقصد رکن ممالک کے درمیان تعاون کو فعال کرنے میں اپنا کردار ادا کرنا ہے۔ انہوں نے کانفرنس کے انعقاد پر ٹیٹ میڈیا، اسلامی تعاون تنظیم کی یونین آف نیوز ایجنسیز ”یو این اے“ اور روس۔ اسلامی دنیا سٹریٹجک ویژن گروپ کا بھی شکریہ ادا کیا۔