اسلامی تعاون تنظیم کے ذیلی ادارہ کامسٹیک اورجامعہ انجامینہ چاڈ کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط

195
قائمہ کمیٹی برائے نیشنل ہیلتھ سروسز، ریگولیشنز اینڈ کوآرڈینیشن کا اجلاس

اسلام آباد۔6دسمبر (اے پی پی):پاکستان میں قائم اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے ذیلی ادارہ کامسٹیک اور انجامینہ یونیورسٹی چاڈ نے باہمی تعاون کو فروغ دینے اور مضبوط بنانے کے لیے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کردیئے۔بدھ کو یہاں جاری بیان کے مطابق مفاہمتی یادداشت میں باہمی دلچسپی کے شعبوں میں سرگرمیوں کے لیے ایک پلیٹ فارم فراہم کرنا اور نقل و حرکت اور تعاون کی حوصلہ افزائی کرنا شامل ہے۔

دونوں اداروں نے سائنس، ٹیکنالوجی اور اختراع کے شعبوں میں مشترکہ تعلیمی پروگراموں اور سائنسی پروگراموں کو تیار کرنے اور ان پر عملدرآمد کرنے پر اتفاق کیا۔ طلباء، تعلیمی اور سائنسی فیکلٹی کو انجامینہ یونیورسٹی میں تربیت، پیشہ ورانہ ترقی اور تعلیمی سرگرمیوں میں بہتری کے لیے بھیجا جائے گا تاکہ بین الاقوامی تعلیمی تبادلے کو تقویت مل سکے۔

دونوں اداروں نے تحقیقی سرگرمیوں اور ترقیاتی منصوبوں میں تعاون کرنے اور قومی اور بین الاقوامی تربیتی ورکشاپس، کانفرنسز، سیمینارز اور نمائشوں کے انعقاد میں تعاون پر اتفاق کیا۔ اس یادداشت کے تحت انجامینہ یونیورسٹی کامسٹیک کنسوشیئم آف ایکسیلینس کی رکن بن سکے گی اور او آئی سی ٹیکنالوجی اور اختراعی پورٹل پر رجسٹر کرے گی۔

یادداشت پر کوآرڈینیٹر جنرل کامسٹیک پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری اور جامعہ انجامینہ کے صدر پروفیسر ڈاکٹر مہمت صالح دائوسہ ہاگر نے یونیورسٹی آف انجامینہ کے دفتر میں دستخط کئے ۔