اسلامی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے وزراءخارجہ یوم پاکستان کے موقع پرکل پاکستان ڈے پریڈ کا مشاہدہ کریں گے

82

اسلام آباد۔22مارچ (اے پی پی):اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے رکن ممالک کے وزراءخارجہ اور دیگر مندوبین یوم پاکستان کے موقع پرکل بدھ کو یہاں شکر پڑیاں کے پریڈ گرائونڈ میں پاکستان ڈے پریڈ کا مشاہدہ کریں گے۔

اسلام آباد میں او آئی سی کے وزراءخارجہ کونسل کے 48 ویں اجلاس میں شریک اسلامی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل حسین براہیم طحہ، رکن ممالک کے وزرائے خارجہ، وفود اور مندوبین یوم پاکستان کے موقع پرہونے والی پریڈ میں خصوصی دعوت پر شریک ہونگے۔

او آئی سی کے رکن ممالک کے وزراءخارجہ اسلامی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کررہے ہیں جو اسلام آباد میں جاری ہے، وزرائے خارجہ کے اجلاس میں متعدد قراردادیں بھی پاس کی جائیں گی، او آئی سی کے وزرائ خارجہ کے کونسل اجلاس کے اختتام پر مشترکہ اعلامیہ جاری کیاجائے گا۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں او آئی سی کے وزراءخارجہ کے کونسل کا 48 واں اجلاس انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ اس سے قبل گزشتہ سال دسمبر میں افغانستان کی صورت حال کا جائزہ لینے کے لئے پاکستان کی میزبانی میں اسلامی تعاون تنظیم کے وزراءخارجہ کا ایک غیرمعمولی اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا تھا۔