اسلام آباد۔9جولائی (اے پی پی):اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی)کے سیکرٹری جنرل حسین ابراہیم طحہ نے عیدالاضحیٰ1443 کے موقع پر امت مسلمہ کو مبارکباد اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ عیدالاضحیٰ کے موقع پر انہوں نے او آئی سی کے رکن ممالک کے تمام سربراہان کو بھی مبارکباد دی ہے۔
ہفتہ کو جدہ میں او آئی سی کے ہیڈ کوارٹر سے جاری ہونے والے ایک بیان میں حسین ابراہیم طحہ نے کہا کہ عید ایسے وقت میں آئی جب کئی رکن ممالک شدید مشکلات سے گزر رہے تھے۔ سیکرٹری جنرل نے اللہ تعالی سے دعا کی کہ وہ اس موقع کو فوری راحت کا آغاز بنائے جو امت کے جذبے کو تقویت بخشے اور اسے مسلم دنیا کے تمام ممالک میں استحکام، امن اور خوشحالی کا احساس دلائے۔
انہوں نے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی زیرقیادت 14 ویں اسلامی سربراہی کانفرنس کے سربراہ سعودی عرب کو بھی مبارکباد پیش کی کہ انہوں نے حج کے سیزن کو کامیاب طریقے سے سنبھالنے اور ضروری سہولیات فراہم کرنے پر مبارکباد دی۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب نے حجاج کرام کی عبادات کی محفوظ انجام دہی کے لیے سہولیات اور خدمات کے ساتھ ساتھ عازمین کو دی جانے والی بہترین دیکھ بھال کے علاوہ ان کی حفاظت کو یقینی بنایا ہے۔